امریکی جیلوں میں کھانے کی مقدار اور معیار میں کمی، رامن نوڈلز بطور کرنسی استعمال ہونے لگی

منگل 23 اگست 2016 14:56

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء) امریکی جیلوں میں کھانے کی مقدار اور معیار میں کمی کی وجہ سے رامن نوڈلز بطور کرنسی استعمال ہونے لگی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکہ کی جیلوں میں رامن نوڈلز بطور کرنسی استعمال ہو رہی ہے۔تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اس کی بڑی وجہ امریکی جیلوں میں کھانے کی مقدار اور معیار میں کمی ہے۔

اس تحقیق کے مصنف مائیکل گبسن لائٹ کا کہنا ہے کہ رامن نوڈلز سستی، ذائقہ دار اور کیلوریز سے بھرپور ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ امریکی جیلوں میں اتنی زیادہ اہم بن گئی ہیں کہ اب انھیں دوسری اشیا کے ساتھ تبادلے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔گبسن لائٹ نے کہا کہ امریکی جیلوں میں رامن نوڈلز کو کھانے کی اشیا کے علاوہ، کپڑوں، صفائی ستھرائی کی مصنوعات، لانڈری اور بستروں کی صفائی کے تبادلے میں استعمال کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق سے پتہ چلا کہ رامن نوڈلز کو جوا کھیلتے ہوئے بطور چِپ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل جیلوں میں ڈاک ٹکٹ اور لفافے وغیرہ بطور کرنسی استعمال ہوتے تھے لیکن اب ان نوڈلز نے ان کی جگہ لے لی ہے۔امریکی جیلوں کے اعداد و شمار کے مطابق جیلوں پر کیے جانے والے اخراجات اس قدر نہیں بڑھے جتنا قیدیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔گبسن لائٹ نے کہا کہ جن قیدیوں سے انھوں نے ملاقات کی انھوں نے بتایا کہ جو کھانا انھیں مل رہا تھا اس کی مقدار میں رفتہ رفتہ کٹوتی کی جا رہی ہے۔

انھوں نے متنبہ کیا کہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا: قیدی جیل میں فراہم کیے جانے والے کھانے کی مقدار اور معیار سے ناخوش تھے کہ انھوں نے رامن نوڈلز پر انحصار کرنا شروع کر دیا کیونکہ ان کے خیال میں یہ نوڈلز سستی اور پائیدار ہونے کے ساتھ ساتھ زیرِ زمین معیشت میں پیسے کی شکل میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ زیرِ زمین معیشت میں بھی پیسے کی شکل کو اکثر یا آسانی سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور ایسا کرنے کے لیے اہم تبدیلی کی ضرورت ہوتی ہے۔امریکی بیورو آف پرسنز کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی ریاستوں نے 2010 میں جیلوں پر چار کروڑ 85 لاکھ ڈالرخرچ کیے جو سنہ 2009 میں خرچ کیے جانے والی رقم سے 5.6 فیصد کم تھی۔

متعلقہ عنوان :