پاکستان اور چین کا دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تمام شعبہ جات میں اور اقوام متحدہ سمیت کثیر الجہتی فورموں پر باہمی تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق ، پاک چین سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کے دوران دو طرفہ تعلقات کے تمام تر پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،دفتر خارجہ

منگل 23 اگست 2016 14:47

اسلام آباد ۔ 23 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اگست۔2016ء) پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تمام شعبہ جات میں اور اقوام متحدہ سمیت کثیر الجہتی فورموں پر اپنے تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا ہے، یہ اتفاق رائے پاکستان اور چین کے درمیان گزشتہ روز بیجنگ میں منعقدہ سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے ساتواں دور کے دوران پایا گیا۔

خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان کے وفد جبکہ نائب وزیر خارجہ امور برائے ایشیا و قونصلر امور کونگ چیان ژو نے چین کے وفد کی قیادت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق دونوں اطراف نے دو طرفہ تعلقات کے تمام تر پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جن میں پاک چین اقتصادی راہداری، اقتصادی تعاون، دفاع، انسداد دہشت گردی ،ایس سی او، ثقافت، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط شامل تھے۔

(جاری ہے)

دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تمام شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں اطراف نے باہمی مفاد کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ان ایشوز پر اپنے اپنے نکتہ نظر کا تبادلہ جاری رکھنے اور اقوام متحدہ سمیت تمام کثیر الجہتی فورموں پر تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔ اعزاز چوہدری نے اپنے ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی صورتحال اور انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری نے چین کے دو روزہ سرکاری دورے میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے بیجنگ میں ملاقات بھی کی۔ بیجنگ میں قیام کے دوران وہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بارے میں ممتاز تھنک ٹینک، چائنہ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل آفیئرز میں خطاب بھی کرینگے۔