پاکستان کی سالمیت کیخلاف کسی شخص کا برطانوی سرزمین کا استعمال قابل مذمت ہے‘ برطانیہ سنگین جرم میں ملوث شخص کو قانون کے دائرے میں لانے کیلئے پاکستان کی معاونت کرے

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا برطانوی اعلی حکام سے رابطہ

منگل 23 اگست 2016 13:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کیخلاف کسی شخص کا برطانوی سرزمین کا استعمال قابل مذمت ہے‘ برطانیہ سنگین جرم میں ملوث شخص کو قانون کے دائرے میں لانے کیلئے پاکستان کی معاونت کرے۔

(جاری ہے)

منگل کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان رات گئے برطانوی اعلیٰ حکام سے رابطے میں رہے جس دوران الطاف حسین کی گزشتہ روز کی پاکستان مخالف تقریر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کیخلاف کسی شخص کا برطانوی سرزمین کا استعمال قابل مذمت ہے۔ الطاف حسین نے پاکستان اور پاکستانی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے پوری قوم خصوصاً اردو بولنے والی عوام کی دل آزاری کی اور پاکستانیوں کی ہتک کرکے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ برطانیہ سنگین جرم میں ملوث شخص کو قانون کے دائرے میں لانے کیلئے پاکستان کی معاونت کرے۔