پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی سطح کے مذاکرات میں مدد کرنے کیلئے تیارہیں،امریکہ

منگل 23 اگست 2016 13:47

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 اگست ۔2016ء) امریکا نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار کی حمایت اور پاکستان اور بھارت پر تعلقات بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان کسی بھی سطح کے مذاکرات میں مدد کرنے کیلئے تیارہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ خطے کے استحکام کیلئے پاکستان اور بھارت کی کوششوں کی حمایت کریں گے۔ امریکا کا ہمیشہ یہ موقف رہاہے کہ اسلام آباد اور نئی دہلی بہتر تعلقات کے ذریعے دونوں ملکوں اورمجموعی طورہ خطے کو مستحکم کریں۔دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست مذاکرات چاہتے ہیں اور امریکا دونوں ملکوں کے درمیان ہرسطح پر مذاکرات میں مدد کیلئے تیارہے۔ایک سوال پر مارک ٹونر کا کہنا تھا۔ مقبوضہ کشمیر اور بنگلورمیں آزادی اظہار کی حمایت کرتے ہیں۔اور جمہوری ملک میں عوام کو پرامن مظاہروں کا حق حاصل ہے۔