وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا سکیورٹی اجلاس اختتام پذیر

اجلاس میں قائد ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کی مذمت، کراچی سمیت ملک بھر میں شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق، ملک کی سلامتی اور وقار کے منافی عناصر کے لیے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔ شرکا کا عزم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اگست 2016 13:31

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا سکیورٹی اجلاس اختتام پذیر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اگست 2016ء) : وزیر اعظم میاں محمد نوا ز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، ڈی جی آئی ایس آئی اور قومی مشیر سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم اور شرکا نے ایم کیو ایم کے قائد کے پاکستان مخالف بیانات کی مذمت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کراچی کی تازہ ترین صورتحال اور ایم کیو ایم قائد کے پاکستان مخالف بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے وزیر اعظم نواز شریف اور اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اس اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ وزیر اعظم کو برطانوی حکام سے رابطے کی تمام تر تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جس کے بعد اجلاس میں قائد ایم کیو ایم کے خلاف برطانوی حکومت سے باضابطہ کارروائی کے لیے سفارتی رابطے پر غور بھی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کراچی کی صورتحال کو قابو پانے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غورکیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق بھی جائزہ لیا گیا۔مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کمیٹی کے گذشتہ روز ہونے والے اجلاس سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا۔ناصر جنجوعہ نے نیب پرعملدرآمد سے متعلق جائزہ کمیٹی کے اجلاس پر بریفنگ دینے کے ساتھ ساتھ نیکٹا سمیت متعلقہ اداروں اور اتھارٹیز کو سونپے گئے ٹاسک سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں قیام امن پر رینجرز اور پولیس حکام کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کراچی میں امن وامان کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنےکی ہدایت دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیرون ملک بیٹھ کر کسی کو بھی کراچی کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔پاکستان کی سلامتی ، وقار اور قومی مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔اجلاس کے شرکا نے عزم کیا کہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔ شرکا نے فیصلہ کیا کہ ملک کی سلامتی اور وقار کے منافی عناصر کے لیے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اجلاس کے شرکا نے کراچی اور سندھ سمیت ملک بھر میں شرپسند عناصر کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔