قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے پاکستان مخالف تقریر پر معافی مانگ لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اگست 2016 12:56

قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے پاکستان مخالف تقریر پر معافی مانگ لی

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اگست 2016ء) : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پاکستان مخالف تقریر پر پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ، راحیل شریف ، ڈی جی رینجرز سمیت دیگر سے معافی مانگ لی۔ ایم کیو ایم رہنما واسع جلیل نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں الطاف حسین کا معافی نامہ جاری کیا، ٹویٹر پر جاری معافیہ نامے کے مطابق ایم کیو ایم قائد کا کہنا تھا پاکستان، اسٹیبلشمنٹ بشمول جنرل راحیل شریف، ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبر کے خلاف الفاظ استعمال کرنے پر میں خلوص دل کے ساتھ معافی کا طلبگار ہوں ۔

قائد ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل، مسلسل گرفتاریوں اور ان کی مشکلات دیکھ کر شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھے اور بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے ساتھیوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے ان کا ذہنی تناؤ مزید بڑھ گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی کی حیثیت سے پاکستانی عوام ، اسٹیبلشمنٹ، فوج، آئی ایس آئی،تمام ارباب اختیار اورحکمرانوں کویقین دلاتا ہوں کہ آئندہ میری جانب سے ایسے الفاظ ہرگزاستعمال نہیں ہوں گے۔

ایم کیو ایم قائد نے درخواست کی کہ ان کی پارٹی کو قومی دھارے سے نہ نکالا جائے اور ملک کی سلامتی، بقاء اور ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنے دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ میں خلوص دل سے کہتا ہوں کہ ایم کیو ایم پاکستان کی دشمن نہیں، کچھ عناصر نے فوج اور ایم کیو ایم میں دوریاں پیدا کی ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم مل کر ہی اس ملک کو آگے لے کر جاسکتے ہیں ۔متحدہ قائد نے گذشتہ روز نجی نیوز چینل کے دفتر پر حملے کے واقعے پر میڈیا کے ایک ایک ساتھی سے معافی مانگتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متحدہ کے تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے اور انہیں سیاسی سرگرمیاں انجام دینے کی اجازت دی جائے۔