وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس

کراچی کی تازہ ترین صورتحال اور آئندہ حکمت عملی پر غور۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اگست 2016 11:20

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اگست 2016ء) : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، ڈی جی آئی ایس آئی اور قومی مشیر سلامتی ناصر خان جنجوعہ بھی شریک ہیں۔ اجلاس میں وزیر اعظم اور شرکا نے ایم کیو ایم کے قائد کے پاکستان مخالف بیانات کی مذمت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کراچی کی تازہ ترین صورتحال اور ایم کیو ایم قائد کے پاکستان مخالف بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے وزیر اعظم نواز شریف کو آگاہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اس اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ وزیر اعظم کو برطانوی حکام سے رابطے کی تمام تر تفصیلات سے بھی آگاہ کریں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ اجلاس میں کراچی کی صورتحال کو قابو پانے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق بھی جائزہ لیا جائے گا۔مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ عملدرآمد کمیٹی کے گذشتہ روز ہونے والے اجلاس سے متعلق شرکا کو آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں ناصر جنجوعہ نے نیب پرعملدرآمد سے متعلق جائزہ کمیٹی کے اجلاس پر بریفنگ دی ۔نیکٹا سمیت متعلقہ اداروں اور اتھارٹیز کو سونپے گئے ٹاسک سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں قیام امن پر رینجرز اور پولیس حکام کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کراچی میں امن وامان کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنےکی ہدایت دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیرون ملک بیٹھ کر کسی کو بھی کراچی کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔پاکستان کی سلامتی ، وقار اور قومی مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔اجلاس کے شرکا نے عزم کیا کہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔

متعلقہ عنوان :