وفاقی وزیر احسن اقبال کا بہبودِ اطفال کو قومی ترقیاتی حکمت عملی کا مرکزی نکتہ بنانے کی ضرورت پر زور

پیر 22 اگست 2016 22:34

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے بہبودِ اطفال کو قومی ترقیاتی حکمت عملی کا مرکزی نکتہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، وہ سوموار کو بچوں کی ابتدائی نشو ونما کے حوالے سے پلاننگ کمیشن کے زیراہتمام گول میز مکالمے کی صدارت کررہے تھے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وژن 2025 ملکی ترقی کیلئے ایک جامع روڈ میپ فراہم کرتا ہے، وژن 2025 کا پہلا ستون معاشرے کے پسے ہوئے محروم طبقے کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کیلئے حکمت عملی کا تعین کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا اعتراف عالمی ادارے بھی کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملک میں بچوں کیلئے غذائی قلت کو دور کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے روشن مستقبل کیلئے بچوں کی بہبود کو یقینی بنایاجارہا ہے، اس سلسلے میں سول سوسائٹی سمیت تمام مکاتبِ فکر کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقوامِ متحدہ کے ایس ڈی جی گولز کو پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد کے ذریعے قومی ترقیاتی ایجنڈا قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے بچوں کی ابتدائی نشو و نما کیلئے نیشنل ورکنگ گروپ کے قیام کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو 90ایام کے دوران اپنی سفارشات پیش کرنی چاہیے۔ گول میز مکالمے میں گورنمنٹ افسران، ماہرین، ڈویلپمنٹ پارٹنرز سمیت سوشل سیکٹر کے دیگر اسٹیک ہولڈرز شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :