صدر اور وزیر اعظم کی اے آر وائی اور سماء نیوز چینلز پر حملے کی شدید مذمت

واقعہ آزادی صحافت پر حملہ ہے ‘ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ، ممنون حسین اور نوازشریف کی ہدایت

پیر 22 اگست 2016 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں اے آر وائی اور سماء نیوز چینلز کے دفاتر پرمسلح افراد کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا واقعہ آزادی صحافت پر حملہ ہے ‘ پیر کو وزیر اعظم نواز شریف نے اے آر وائی نیوز اور سماء نیو ز چینلز پر حملے کی شدید مذمت کر دی اور اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ واقعہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے۔

حملے کے ذمہ داروں کو فوری طو رپر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وزیر اعظم نے کراچی میں عوام اور خصوصاً صحافیوں کے جان و مال کے تحفظ کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعظم نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکام کو ملزمان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ‘ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے میڈیا ہاؤسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر مسلح جتھوں کا دھاوا بولنا ناقابل قول ہے۔

آزاد اور خود مختار میڈیا جمہوریت اور جمہوری اقدار کی ضمانت ہے۔ میڈیا کی آزادی پر کوئی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی۔ سندھ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی میڈیا ہاؤسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم برداشت کا عنصر معاشرے کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔