وزیر اعظم کا نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کم وسیلہ طبقات کو علاج کی فراہمی کیلئے شاندار اقدام ہے ،شہباز شریف

پنجاب میں اس پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا، وزیر اعلی کی اعلی سطح کی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

پیر 22 اگست 2016 22:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت پیر کو اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا-جس میں وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ اور ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اسد حفیظ کی وزیر اعظم کی نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی-وزیر اعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کا نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام انتہائی کم وسیلہ طبقات کو علاج معالجہ کی فراہمی کے لئے شاندار اقدام ہے-پنجاب میں اس پروگرام پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے گا-وزیر اعلی نے ایک اعلی سطح کی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی پروگرام پرعملدرآمد کے امور کا جائزہ لے گی-وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نیشنل ہیلتھ سروسز سٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہ ہوں گی-وزیر اعلی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب کے چار اضلاع میں وزیر اعظم کا نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے اور اس پروگرام سے انتہائی کم وسیلہ خاندان مستفید ہوں گے - وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز، صوبائی محکموں کے اعلی حکام اوروفاقی اداروں کے متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی-صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا، سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اسلام آبادجبکہ ڈی سی او رحیم یار خان اور ای ڈی او ہیلتھ رحیم یار خان سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :