جمعیت علما پاکستان (نیازی)کاتحریک قصاص کی حمایت کا اعلان ‘پیر معصوم نقوی کی کارکنوں کو دھرنوں میں بھرپور شرکت کی ہدایت

سانحہ ماڈل ٹاون ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال تھا، انصاف نہ ملنا عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے، اعلامیہ

پیر 22 اگست 2016 22:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے پاکستان عوامی تحریک کے سانحہ ماڈل ٹاون کے شہدا کے لواحقین کو انصاف دلانے کے لئے جاری تحریک قصاص کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو دھرنوں میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔ جے یو پی میڈیا سیل کی طرف سے جاری اعلامیہ میں پیر معصوم نقوی نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال تھا، ابھی تک انصاف نہ ملنا افسوسناک عمل اور موجودہ عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اپیل پر تشکیل کردہ عدالتی کمشن نے حکومت پنجاب کو 17۔ جون 2014ء کو ہونے والے سانحہ میں 14۔ کارکنوں کی شہادت کا ذمہ دار قراردیا ، مگر اس کی رپورٹ کو ابھی تک منظر عام تک نہیں لایا گیا، جبکہ اسے غیر موثر کرنے کے لئے جج موصوف کے خلاف الزا مات کی انتقامی کارروائیوں کی اطلاعات بھی آرہی ہیں۔

(جاری ہے)

جوکہ شریف برادران کی کینہ پرور اور انتقامی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون استغاثہ میں تبدیلی کے ذریعے پولیس کے خلاف جج اور میجسٹریٹ کی عدالت میں درخواست کے حق سے محروم کرنے کا مقصد سانحہ ماڈل ٹاون سے جان چھڑانے کی کوشش ہے، جس میں وہ کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔حکمرانوں کو انہیں شہدا کے خون کا حساب دینا ہوگا۔ ایسا ممکن نہیں کہ مظلوموں اور مقتولوں کو انصاف نہ ملے۔پوری قوم چاہتی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے ملزم کیفر کردار تک پہنچیں۔ جو کہ صرف اور صرف قصاص ہے، اس سے کم کچھ نہیں۔

متعلقہ عنوان :