وزیراعلیٰ بلوچستان کی کراچی میں نیوز چینلز کے دفاتر پرحملوں کی مذمت

پیر 22 اگست 2016 22:03

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کراچی میں بعض نیوز چینلز کے دفاتر پر شرپسند عناصر کی جانب سے حملہ اور توڑپھوڑ کے علاوہ کراچی پریس کلب کے گھیراؤکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے، اپنے ایک مزمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر تشدد کے ذریعے اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتے ہیں جو کسی طور پر قابل قبول نہیں، جو عناصر بذریعہ قوت ،زبردستی میڈیا کو اپنا تابع رکھ کر اپنے نظریہ کا پرچار کرنا چاہتے ہیں، انہیں اپنے روش تبدیل کرنا ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں اور صحت مندانہ صحافت کے فروغ ہی کے ذریعے ملک و قوم کو درپیش چیلنجوں سے نمٹا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ صحافتی اداروں اور صحافیوں برادری کی اظہار رائے پر قدغن لگانا انتہائی ناپسندیدہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے، وزیراعلیٰ نے میڈیا کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ حملوں میں ملوث عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :