میڈیا ہاؤسز پر حملہ صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے، آفاق احمد

پیر 22 اگست 2016 21:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے اے آر وائی نیوز پر حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ بدترین دہشت گردی اور صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ،سیکیورٹی ادارے میڈیا ہاؤسز کی سیکیورٹی مزید بڑھائیں اور پیشہ وارانہ سرگرمیوں میں مصروف پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔

اپنے مذمتی بیان میں آفاق احمد نے کہا کہ اے آر وائی نیوز پر حملہ سے دنیا بھر نے دیکھ لیا کہ کراچی کا امن کس نے تباہ کیا،مفاد پرست جماعت میں اگر سچ سننے کا حوصلہ نہیں تو سیاست چھوڑ دے ،عوام اور میڈیا کو دباؤ میں لانے کے حربے پہلے کامیاب ہوئے نہ اب ہونگے ۔آفاق احمد نے کہا کہ جس کا جی چاہتا ہے وہ ملکی اداروں کو گالیاں دینا شروع کردیتا ہے اور یہ سب اس وجہ سے ہوتا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں سیاسی حمایت اور سیٹوں کے چکر میں دہشت گردوں کی ناز برداریاں کرتی ہیں ،اگر ملک عزیز اور قیام امن پہلی ترجیح ہے تو یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے ۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ اس ملک اور شہر کو بنانے سنوارنے میں لاکھوں مہاجروں کا لہو اور محنت شامل ہے ،مافیا جماعت نے جو طوفان بدتمیزی مچایا اس سے مہاجروں کا پہلے تعلق تھا نہ اب ہے ،کراچی کی عوام اپنے ملک اور ملکی اداروں کا قدر کرتے ہیں اس لئے مٹھی بھر شرپسندوں کو مہاجر قوم کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اے آر وائی پر حملہ افسوناک ہے ،حکومت اور ادارے عوام ،صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کا تحفظ یقینی بنائیں اور شہر کے حالات خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

متعلقہ عنوان :