صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کی کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملے اور گھیراؤ کی دھمکیوں کی سخت مذمت

میڈیا ہاؤسز پر اس طرح کے حملے ناقابل قبول ہیں ٗچوہدری نثار علی خان آزاد میڈیا پر حملہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ٗ وزیر اطلاعات پرویز رشید

پیر 22 اگست 2016 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملے اور گھیراؤ کی دھمکیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی آزادی رائے پر پابندی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایک بیان میں صدر ممنون حسین نے بھی میڈیا ہاؤسز پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آزادی اظہار پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں ٹی وی چینلز پر حملوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعظم نے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی وزیر اعظم نے کہاکہ حملہ صحافت اور آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے اس کے ذمہ داروں کو فوری کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے بھی کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملے کا نوٹس لے لیا ہے اور ڈی جی رینجز سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میڈیا ہاؤسز پر اس طرح کے حملے ناقابل قبول ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے میڈیا ہاؤسز پر حملوں کی مذمت کی ۔ ایک بیان میں وفاقی وزیر طلاعات و نشریات پرویز رشید نے کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ آزاد میڈیا پر حملہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔