پاکستان کے عوام انتشار کی سیاست نہیں ،ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں ‘شہباز شریف

پاکستان ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، اس وقت احتجاج کی سیاست کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے ذاتی مفادات کی خاطر افراتفری پھیلانے والے سیاسی عناصرکو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں‘وزیر اعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

پیر 22 اگست 2016 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا پہیہ تیزی سے گھوم رہا ہے تو بعض سیاسی عناصر تیز رفتار ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں،انتشار کی سیاست کرنے والے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے خائف ہیں، ذاتی مفادات کی خاطر افراتفری پھیلانے والے سیاسی عناصرکو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلی سے ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی میں مہر اشتیاق احمد، محسن شاہ نواز رانجھا، عبدالرحمن کانجواور سابق ایم این اے صدیق بلوچ شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں شفافیت، امانت، دیانت، محنت اور خدمت کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے اورفلاح عامہ کے منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی کوئی مثال موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام انتشار کی سیاست نہیں ،ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں ۔جب پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے تو اس وقت احتجاج کی سیاست کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔پاکستان کے باشعور عوام نے ہمیشہ ایسے عناصر کو مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو پرامن،روشن اور خوشحال بنانے کی جانب تیزی سے قدم اٹھا رہے ہیں اورآئندہ دوبرس کے دوران عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :