کراچی میں بہت بڑا مسئلہ کچرے کاہے اور مجھے آئندہ 8سے 10دن کے اندرکراچی شہر صاف چاہئے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی سے صرف کچراہی نہیں بلکہ نکاسی آب کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے ،یہ شہر ہمارا ہے ہم سب کو ملکر اسے صاف بنانا ہو گا ۔سید مراد علی شاہ

پیر 22 اگست 2016 21:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں بہت بڑا مسئلہ کچرے کاہے اور مجھے آئندہ 8سے 10دن کے اندرکراچی شہر صاف چاہئے، یہ ٹاسک بڑا ہے لیکن مجھے آپ کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے ۔یہ بات پیرکو انہوں نے نیو سندھ سیکر یٹریٹ میں صفائی ستھرائی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو احکاما ت دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ یہ شہر ہمارا ہے ہم سب کو ملکرشہر کو صاف بنانا ہے اور سول سوسائٹی بھی شہر کی صفائی ستھرائی میں اپناکردار اداکرے۔اجلا س میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو ،سیکریٹری بلدیا ت ، کمشنر کراچی اعجاز خان ،ایم ڈی واٹر بورڈ ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی ،ڈی ایم سیز ، ڈی سیز اور ڈسٹرکٹ کونسل کے نمائندے بھی شریک تھے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیو سند ھ سیکریٹریٹ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہاکہ میں چاہتا ہوں آئندہ 10دن تک شہر میں بھر پور طریقے سے صفائی ہو تاکہ آنے والے بلدیاتی نمائندے بھی اچھا کام کریں۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کے بعدہماری ذمہ داری کم ہو جائے گی اور ہم ان کی بھرپور مدد کرسکیں گے اور ہم صاف ستھرا کراچی بلدیا تی نمائندوں کے حوالے کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ میں سی ویو کو بھی مکمل صاف دیکھنا چاہتا ہوں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ میں ڈی سیز اور ڈی ایم سیز کی کاکردگی کو سراہتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی سے صرف کچراہی نہیں بلکہ نکاسی آب کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ شہر ہمارا ہے ہم سب کو ملکر اسے صاف بنانا ہو گا ۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈر صفائی کے لئے آگے آئیں۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کے آنے سے پہلے کراچی کو صاف کرایا جائے۔ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ 48گھنٹوں میں کراچی کو صاف کرنا مشکل ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں بو لنے سے زیادہ کام کرنے کو ترجیح دیتا ہوں ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ میں کراچی کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہوں اور انشاء اﷲ پھر سے کراچی کو صاف ستھرا بنائیں گے ۔انہوں نے مزید کہاکہ کراچی میں کل سے کام ہو تا دکھائی دے گا ۔انہوں نے کہاکہ آج رات سے قائد آباد کے راستوں پر کام شروع کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کراچی کو ماضی میں بھی دیکھا ہے میں بچپن میں ایمپریس مارکیٹ سے ہوتا ہواا سکول جا یا کرتا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ مجھے وزیراعلیٰ سندھ کے منصب پر3ہفتے ہو گئے ہیں اورکراچی کے لئے17 منصوبے منظور ہو چکے ہیں اور یہ منصوبے جلد شروع ہوں گے انہوں نے کہاکہ کراچی کے بعد سندھ بھر میں بھی کام ہو گا ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ متعلقہ محکموں نے تسلی بخش کام کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل اجلاس میں کچھ ٹارگٹ دیئے تھے اور کہاکہ میں پورے سندھ کے دورے کروں گا ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی سیا سی جماعت کے خلاف نہیں ہے ،وقت لگے گا لیکن کراچی پہلے کی طرح صاف ستھرا اور روشنیوں کا شہر بن جا ئے گا ۔انہوں نے مزید کہاکہ صفائی کے لیے کوئی ٹارگٹ نہیں دوں گا،ہمارے خلاف پروپیگنڈا بند کیا جائے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ میں بچوں کے اغواء کے واقعات رونما نہیں ہوئے ہیں اور ا من و امان کی صورت حال مزید بہترہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :