گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبا د خان سے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی ملاقات

کراچی میں جاری آپریشن سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آرہی ہے اس ضمن میں حکومت پر عزم ہے کہ آپریشن آخری دہشت تک جاری رہے گا

پیر 22 اگست 2016 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبا د خان سے پیرکو گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں جاری صورتحال سمیت دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آرہی ہے اس ضمن میں حکومت پر عزم ہے کہ آپریشن آخری دہشت تک جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث صوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے جبکہ صوبہ میں سماجی ، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں بھی بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلا تفریق و دباؤ اقدامات سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ، امن و امان کی صورتحال کی بہتری کے بعد صوبہ میں ترقیاتی عمل میں تیزی لا ئی جارہی ہے ، صوبہ میں عوامی فلاح وبہبود کے متعدد میگا پروجیکٹس جن میں K-IV ، S-III ، ماس ٹرانزٹ پروگرام شامل ہیں پر کام تیزی سے جاری ہے جن کی تکمیل سے عوام کو ریلیف حاصل ہوگا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے ، لاہور میں میٹرو بس منصوبہ کی تکمیل کے بعد اورنج ٹرین منصوبہ پر کام جاری ہے ۔ ، بجلی کے بڑے بڑے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔