وزیراعظم محمد نواز شریف نے سیالکوٹ۔لاہور موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

89 کلومیٹر موٹروے پر 45 ارب روپے لاگت آئیگی ٗ رپورٹ

پیر 22 اگست 2016 20:51

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے سیالکوٹ۔لاہور موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ٗ 89 کلومیٹر موٹروے پر 45 ارب روپے لاگت آئے گی، چار لین کی یہ شاہراہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی مشترکہ طور پر تعمیر کریں گے جو صوبہ کے دو بڑے تجارتی مراکز کو ملائے گی اور یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہو گا۔

پیر کووزیراعظم محمد نواز شریف نے سیالکوٹ۔لاہور موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ٗ ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد افضل نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ ایف ڈبلیو او موٹروے کا مینٹیننس کا کام کرے گی اور وصول کئے گئے ٹیکسوں کے ذریعے قومی خزانہ میں بھی حصہ ڈالے گی۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ دیگر متعدد شاہراتی منصوبے ملک کے اہم تجارتی مراکز کو بھی ملا رہے ہیں اور قومی ترقی و خوشحالی کو فروغ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

موٹروے این فائیو پر لاہور بائی پاس انٹر چینج سے شروع ہو گا جو کالا شاہ کاکو کے قریب ایم ٹو کو بھی ملائے گا اور سیالکوٹ کے مغرب میں تقریباً 15 کلومیٹر فاصلہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے منصوبہ کی تختی کی نقاب کشائی کرکے سیالکوٹ۔لاہور موٹروے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل افضل بھی موجود تھے۔