Live Updates

ایم کیو ایم بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ، حکومت سندھ مسلح دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرے ‘ اعجاز احمد چوہدری

نجی ٹی وی چینل کے آفس پر حملہ ، فائرنگ اور توڑ پھوڑ وفاقی ، سندھ حکومت اور پولیس کی نا اہلی کا کھلا ثبوت ہے ‘ مرکزی رہنما تحریک انصاف

پیر 22 اگست 2016 20:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ صدر اعجاز احمد چوہدری نے کراچی میں ایم کیو ایم کے مسلح دہشت گردوں کا نجی ٹی وی کے دفتر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سندھ فوری طور پر مسلح دہشت گردوں کو گرفتار کرے اور نجی ٹی وی کے عملے اور دفتر کی حفاظت کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ نجی ٹی وی چینل کے آفس پر حملہ ، فائرنگ اور توڑ پھوڑ وفاقی ، سندھ حکومت اور پولیس کی نا اہلی کا کھلا ثبوت ہے ایم کیو ایم بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے ،ایم کیو ایم فاشسٹ جماعت ہے اور وہ کراچی کے امن کو تباہ کرنا چاہتی ہے اور کراچی کی عوام ایم کیو ایم خون کی ہولی کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے ، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بد معاشی اور غنڈہ گردی سے میڈیا اور اے آر وائے چینل کی حق اور سچ کی آواز کو روک نہیں سکتے ، ایم کیو ایم کا مسلح دہشت گردوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے اے آر وائی پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے تحریک انصاف مشکل کی اس گھڑی میں اے آر وائی کے ساتھ کھڑی ہے ، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی دہشت گردی اور غنڈہ گردی ایک بار پھر دنیا کے سامنے عیاں ہو گئی ہے توڑ پھوڑ جلاؤ گھراؤ کے موقع پر سندھ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ایسا لگتا ہے کہ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ،آج کا دن میڈیا کی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے ایم کیو ایم اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے ،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ہاؤ سز کی سیکورٹی کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اعجاز احمد چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ شعبدہ باز حکمران احتساب تحریک کے سمندر کے آگے زیادہ دیر ٹھہر نہیں پائیں گے تین ستمبر کو ایسی تاریخ ساز ریلی نکلے گی کہ پچھلی تمام ریلیوں اور جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گی ، انہوں نے کہا کہ پانامہ زدہ حکمرانوں نے ملک کو تباہ کر دیا ہے جتنا مرضی درباری آل شریف کو بچانے کی کوشش کر یں پانامہ لیکس کا حساب شریف خاندان کو دینا ہوگا ، (ن) لیگ عوام میں اپنی سیاسی ساکھ کھو بیٹھی ہے شعبدہ باز حکمرانوں کی جھوٹی اور منافقت سیاست اپنی موت مر چکی ہے ، تحریک انصاف حکمرانوں کے احتساب تک چین سے نہیں بیٹھے گی پی ٹی آئی کے کارکنان عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے ڈور ٹو ڈور کیمپین کریں اور تین ستمبر کے پاکستان مارچ میں بھرپور شرکت کریں کیونکہ عمران خان پاکستان کی آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات