وزیراعلیٰ پنجاب نے سمارٹ سکولز پروگرام کو ”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ میں شامل کرنے کی منظور دے دی

”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ کے تحت سکولوں میں اربوں روپے کی لاگت سے اضافی کلاس رومز بنیں گے‘شہبازشریف سمارٹ سکولز کے ذریعے بچوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم دی جائے گی ، کلاس رومز میں ایل ای ڈی سکرینیں نصب کی جائیں گی اساتذہ کو ٹیبلٹ دیئے جائیں گے، ٹیچرز کی تربیت کیلئے بھی سینٹرز کو بتدریج ڈیجیٹل کیا جائے گا ‘وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

پیر 22 اگست 2016 20:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سکولوں میں اضافی کمرو ں کی تعمیر کیلئے ”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ کا جائزہ لیا گیا اور سمارٹ سکولز پروگرام کو بھی ”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ کے تحت پہلے مرحلے میں رواں مالی سال 16 ارب روپے کی لاگت سے سکولوں میں 10 ہزار 227 اضافی کلاس رومز بنائے جائیں گے۔

مجموعی طور پر 5 ہزار 834 سکولوں میں یہ اضافی کمرے تعمیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کے سکولوں میں اضافی کمرے بنائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈیرہ غازی خان میں سب سے زیادہ1401 اضافی کمرے تعمیر کئے جائیں گے جس پر 2 ارب روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر سے طلبا و طالبات کو مزید اضافی سہولتیں ملیں گی جس کے تعلیمی شعبے کی بہتری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے سمارٹ سکولز پروگرام کو ”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ میں شامل کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سمارٹ سکولز کے ذریعے بچوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیم دی جائے گی اور اس پروگرام کے تحت کلاس رومز میں ایل ای ڈی سکرینیں نصب کی جائیں گی۔ اساتذہ کو بھی ٹیبلٹ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرز کی تربیت کیلئے بھی سینٹرز کو بتدریج ڈیجیٹل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ مفاد عامہ کا بڑا اہم منصوبہ ہے۔ منصوبے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے پروگرام میں معیار اور رفتار کا خاص خیال رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر معیاری تعلیم عام کرنے کیلئے انقلابی نوعیت کے پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے ”خادم پنجاب سکولز پروگرام“ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء تنویر اسلم ملک، رانا مشہو داحمد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ایم ڈی نیسپاک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔