وزیراعظم نے سیالکوٹ لاہور موٹر وے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

89 کلومیٹر طویل موٹر وے 43 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے دو سال میں مکمل ہوگی منصوبے کے اخراجات پاکستانی بینکوں کے تعاون سے خرچ کیے جائیں گے،ایف ڈبلیو او موٹروے کی 25سال تک دیکھ بھال کرے گا ور سڑکوں سے ہونے والی آمدن سے بینکوں کے قرض واپس کیے جائیں گے ،منصوبے سے قومی خزانے پر کم سے کم بوجھ آئے گا،،لاہور اور سیالکوٹ موٹروے کی تعمیر شہریوں اور تاجروں کا دیرینہ مطالبہ تھا،بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیر میں ایف ڈبلیو او کے 44 کارکنوں نے جام شہادت نوش کیا، ڈی جی ایف ڈبلیوا و میجر جنرل محمد افضل کی وزیراعظم کو منصوبے بارے بریفنگ

پیر 22 اگست 2016 19:05

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء ) وزیراعظم نواز شریف نے سمبڑیال کے قریب سیالکوٹ لاہور موٹر وے کا سنگِ بنیاد رکھ دیاجس پر89 کلومیٹر طویل موٹر وے 43 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے دو سال میں مکمل ہوگی۔پیر کو وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ کا دورہ کیاجہاں سمبڑیال کے قریب سیالکوٹ لاہور موٹر وے کا سنگِ بنیاد رکھاجس پر نواسی کلومیٹر طویل موٹر وے 43 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے دو سال میں مکمل ہوگی۔

اس موٹر وے کو کالا شاہ کاکو کے قریب لاہور اسلام آباد موٹر وے جبکہ محمود بوٹی بند کے قریب لاہور رنگ روڈ سے ملایاجائے گا' یہ موٹر وے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن تعمیر کررہی ہے۔ موٹر وے کے چھ انٹرچینج اور دو سروس ایریا ہوں گے۔ اس موقع پر ڈی جی ایف ڈبلیوا و میجر جنرل محمد افضل نے منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او شاہراہوں کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،ایف ڈبلیو او سڑکوں اور مشکل ترین منصوبوں کی تکمیل میں مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے 4لائن پر مشتمل ہوگی اس کی کل لمبائی 89کلومیٹر ہوگی یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا جائے گا،منصوبے کے اخراجات پاکستانی بینکوں کے تعاون سے خرچ کیے جائیں گے،ایف ڈبلیو او موٹروے کی 25سال تک دیکھ بھال کرے گا ور سڑکوں سے ہونے والی آمدن سے بینکوں کے قرض واپس کیے جائیں گے۔منصوبے سے قومی خزانے پر کم سے کم بوجھ آئے گا۔

میجر جنرل محمد افضل نے کہا کہ ایف ڈبلیو او قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی،بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیر میں ایف ڈبلیو او کے 44 کارکنوں نے جام شہادت نوش کیا،لاہور اور سیالکوٹ موٹروے کی تعمیر شہریوں اور تاجروں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کا یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل ہوگا،یہ منصوبہ لاہور بائی پاس انٹرچینج سے شروع اور سیالکوٹ کے15 کلومیٹر مغرب میں ختم ہوگا۔قبل ازیں سیالکوٹ پہنچنے پر وزیراعظم نوازشریف کا شاندار استقبال کیاگیا ۔