سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت میئر، ڈپٹی میئر سمیت بلدیاتی عہدیداروں کا انتخاب (کل )ہوگا

انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے حوالے سے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال نہ کریں الیکشن کمیشن کی ہدایت

پیر 22 اگست 2016 18:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت میئر، ڈپٹی میئر سمیت دیگر بلدیاتی عہدیداروں کا انتخاب (پرسون) بدھ کو ہو گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کی میونسپل کمیٹیز، ٹاؤن کمیٹیز، ضلعی کونسلز، میونسپل کارپوریشن، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمینوں، ڈپٹی چیئرمینوں کے انتخاب کیلئے الیکشن (کل) بدھ 24 اگست کو ہونگے۔

الیکشن کمیشن نے صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس الیکشن پراثر انداز ہونے کیلئے کسی قسم کی ترقیاتی سکیموں کا اعلان نہ کریں تاکہ ووٹروں کو کسی قسم کی ترغیب نہ ملے۔

(جاری ہے)

تمام سرکاری افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے حوالے سے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال نہ کریں۔

بصورت دیگر سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے مطابق ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ مقامی حکومتوں کے انتخاب کیلئے شیڈول کے اجراء کے بعد ہر قسم کی تقرریاں اور تبادلے روک دیئے جائیں کوئی تقرری یا تبادلہ اس وقت تک نہ کیا جائے جب تک الیکشن کمیشن اجازت نہ دے۔

متعلقہ عنوان :