پرویز رشید اور ایم کیوایم کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ناکام

یکطرفہ کارروائیاں کی جارہی ہیں، جب تک بے گناہ کارکنان کی رہائی عمل میں نہیں لائی جائے گی بھوک ہڑتال جاری رہے گی،ایم کیو ایم ایم کیو ایم کی جانب سے 20 نکات پر مشتمل مطالبات کی فہرست مجھے مل گئی ہے، فہرست وزیراعظم کو پیش کرونگا،سینیٹر پرویز رشید کی بات چیت

پیر 22 اگست 2016 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور ایم کیوایم کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ناکام ہوگیاہے۔وفاقی وزیر ایم کیوایم کا پیغام لے کر اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایم کیو ایم کی شکایتوں کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پیرکوپنجاب ہاؤس کراچی میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سنیٹرپرویزرشید اور ایم کیوایم وفد کے درمیان مذاکرات ہوئے۔

ڈاکٹرفاروق ستار،کنور نویدجمیل،خواجہ سہیل منصور اور نسرین جلیل نے انہیں کراچی آپریشن اور کارکنوں کی بازیابی پر تحفظات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کارکنان کے لاپتہ ہونے سے انکے اہل خانہ سمیت دیگر کارکنان میں تشویش پائی جاتی ہے ،کراچی آپریشن کی آڑ میں یکطرفہ کارروائی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو بتایا کہ جب تک بے گناہ کارکنان کی رہائی عمل میں نہیں لائی جائے گی بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

ملاقات میں وزیراطلاعات پرویز رشید نے ایم کیوایم کے وفد کو یقین دلایا کہ بے گناہ کارکنان کی حراست پر رہائی عمل میں لائی جائے گی ، احتجاج ایم کیو ایم کا جمہوری حق ہے لیکن ازالہ ہونے پر احتجاج ختم ہونا چاہیئے۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ ایم کیو ایم کی جانب سے 20 نکات پر مشتمل مطالبات کی فہرست مجھے مل گئی ہیں یہ فہرست وزیراعظم کو پیش کرونگا ، فاروق ستار سے ہونے والی ملاقات مثبت رہی امید ہے ایک دو دن میں اچھے نتائج سامنے آجائینگے۔

سنیٹرپرویزرشیدنے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت تھی کہ ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملوں ۔ وزیراعظم کو ایم کیو ایم سے ہونے والی ساری گفتگو بتا دوں گا ۔ انہوں نے کہاکہایم کیوایم نے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے ۔ ایم کیو ایم کی شکایتیں دور کرنا چاہتے ہیں ۔ ایک دو دن میں ایم کیوایم کی ہڑتال کا مسئلہ مثبت انداز میں حل کر لیں گے اور امید ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما اپنے گھر جا کر آرام دہ زندگی گزاریں گے ۔

مجھے امید ہے یہ تکلیف دہ صورتحال ایک دو دن میں ختم ہو جائے گی۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔پرویز رشید ایم کیوایم کا پیغام لیکر اسلام آباد روانہ ہوگئے،انہوں نے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ بھی نہیں کیا جبکہ ایم کیوایم رہنما پریس کلب پر جاری متحدہ کے بھوک ہڑتاک کیمپ پر پہنچ گئے ۔