گیس کی قیمتوں میں تیس روپے فی یونٹ کی کمی ہوسکتی ہے، عظمیٰ عادل

پیر 22 اگست 2016 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 اگست۔2016ء) چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں تیس روپے فی یونٹ کی کمی ہوسکتی ہے جبکہ اس موسم سرما میں گھریلو صارفین کے لئے گیس کی فراہمی نسبتاً بہتر رہے گی وہ گزشتہ روز لاہور میں گیس کی قیمت میں ردوبدل کے حوالے سے عوامی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئی نادرن نے ایل این جی کی قیمت میں 75روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی جبکہ عام قدرتی گیس کی قیمت میں30روپے فی یونٹ کمی کی درخواست کی گئی ہے۔

چیئرپرسن اوگرا عظمی عادل کا مزید کہنا تھا کہ قیمتوں کے تعین کے لئے عوامی سماعت کے بعد اوگرا اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گا جس کے بعد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تاہم ان کا کہنا تھا کہ سوئی نادرن گیس کی قیمت خرید اور قیمت فروخت میں مجموعی طو رپر46ارپ روپے کا فرق ہے جسے ملوظ خاطر رکھا جائے گا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوئی نادرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر امجد لطیف نے کہا ہے کہ کمپنی نے گیس کی قیمت میں 30روپے فی یونٹ کمی اور ایل این جی کی قیمت میں 75روپے فی یونٹ اضافہ کے لئے اوگرا کودرخواست دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے گیس کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں فرق حکومت کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت ایل این جی510روپے فی یونٹ خرید کر460روپے فی یونٹ فروخت کررہی تھی انہوں نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم لیبر اور میٹریل کی وجہ سے سوئی نادرن گیس کمپنی اپنا ہدف پورا نہیں کرسکی ایک سوال کے جواب میں امجد لطیف نے کہا کہ رواں سال5لاکھ صارفین کو گیس کنکشن دئیے جائیں گے بعدازاں ان کنکشنوں میں اضافہ کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ موسم سرما میں صارفین کو گیس کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔ تاہم گیس چوری میں کمی کی وجہ سے بھی کمپنی کی مالی حالت بہتر اور لائن لاسز میں کمی واقع ہوئی ہے

متعلقہ عنوان :