ریاض: نامکمل دستاویزات رکھنے والے سعودی حجاج کو چیک پوائنٹس سے واپس کیا گیا: سکیورٹی حکام

پیر 22 اگست 2016 16:27

ریاض: نامکمل دستاویزات رکھنے والے سعودی حجاج کو چیک پوائنٹس سے واپس ..

ریاض: (اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 اگست 2016ء ) : سعودی عرب کے سیکیورٹی حکام نے غیرقانونی طریقے سے اندرون ملک سے حج کے لیے مکہ مکرمہ پہنچنے والے سیکڑوں افراد کو چیک پوائنٹس سے ہی واپس کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی جنرل کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عازمین حج کو بلا اجازت یا غیرقانونی طور پر بغیر پرمٹ لیے مکہ مکرمہ لانے میں ملوث متعدد گاڑیوں کے مالکان کو جرمانے کیے گئے یا گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

متعدد گاڑی مالکان کو حجاج کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے پرمٹ نہ ہونے پر جرمانے عائد کیے گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایام حج کے موقع پر حجاج کرام کی نگرانی، ان کی دیکھ بھال اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے چوکس ہیں۔اس ضمن میں کسی بھی غیرقانونی نقل وحرکت پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ حجاج کرام کی سہولت کے لیے مسجد حرام کے آس پاس کاروں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ بالخصوص حرمین کو ملانے والی شاہراہوں پر ٹریفک رواں رکھنے کے لیے بھی بھرپورانتظامات کیے گئے ہیں۔ حج کے قواعدو وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے.