پنجا ب میں دہشت گردوں کے ونگز موجود ہیں۔ وقت آگیا ہیکہ رینجرز کو بلایا جائے، شیریں مزاری

پیر 22 اگست 2016 16:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 اگست۔2016ء) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی سنیئر رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ لاہور میں کراچی کی طرح ٹارگٹ کلنگ بہت بڑھ چکی ہے، لہذا وہاں رینجرز کا آپریشن بہت ضروری ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت سنجیدہ مسئلہ ہے اور ٹارگٹ کلنگ کے تازہ واقعات ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب کہ ابھی تک سانحہ ماڈل ٹاوٴن کے سلسلے میں کسی کو سزائیں بھی نہیں دی گئیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے کہ لاہور میں ہمارے کارکنان کے قتل میں کون ملوث ہے۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیاسی طور پر ہدف بنا کر قتل کرنے کے واقعات بڑھ چکے ہیں جن میں لاہور سرِ فہرست ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردوں کے ونگز موجود ہیں، لہذا اب وقت آگیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت رینجرز کو بلایا جائے، کیونکہ پنجاب پولیس تو ایک 'گلو پولیس فورس' بن چکی ہے۔شیریں مزاری نے اسے سیاست سے پاک انصاف کا ایک مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اگرچہ طاہرالقادری تحریکِ قصاص چلا رہے ہیں، لیکن سوائے مسلم لیگ (ن) کے تمام ہی جماعتوں نے تسلیم کیا تھا کہ ماڈل ٹاوٴن میں لوگوں کو سرِ عام گولیاں ماری گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :