Live Updates

عمران خان کومنفی سیاست کے باعث عوام دوبارہ گہرا گھاؤ لگائیں گے۔حمزہ شہباز شریف

قرضے معاف کرانے اور قبضے کرانے والوں ساتھ کھڑا کرکے کون سے احتساب کی بات کرتے ہیں،اندھیروں کو اجالوں میں بدل کر اور دہشت گردی پر قابو پا کر ترقی و خوشحالی لا ئیں گے،حمزہ شہباز کا پنڈ دادنخان این اے 63کے مسلم لیگی ورکرز سے خطاب ،رہنماؤں سے ملا قاتیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 اگست 2016 15:52

عمران خان کومنفی سیاست کے باعث عوام دوبارہ گہرا گھاؤ لگائیں گے۔حمزہ ..

پنڈدادن خان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22اگست2016ء) : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ دوسروں پر بے جا الزام تراشی ،غیر جمہوری رویے اور جھوٹے وعدوں کی بنیاد پر عمران خان کو عوام دوبارہ گہرا سیاسی گھاؤ لگائیں گے۔ اور انہیں ماضی کی طرح دوبارہ خفت کا سامنا کرنے پڑے گا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اپنے ایک طرف قرضہ معاف کرانے والے جہانگیر ترین اور دوسری طرف غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرانے والے علیم خان کو ساتھ کھڑا کرکے کون سے احتساب کی باتیں کرتے ہیں ۔

مشرف کے آٹھ سالہ دور میں شریف خاندان کی ایک ایک چیز کو کھنگا لا گیا اور ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی ۔ حمزہ شہباز جہلم کے حلقہ قومی اسمبلی این اے 63کے علاقے پنڈ دادنخان میں مسلم لیگی ورکرز اور پارٹی رہنماؤں سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمارے بزرگوں نے سیاست کو عوامی خدمت سمجھ کر ادا کرنے کا درس دیا ہے ۔ اخلاق سے گری ہوئی گفتگوہمارا شیوہ نہیں ،عزت کسی شان و شوکت سے نہیں لو گوں کے دل جیت کر حاصل ہوتی ہے ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں اندھیروں کو اجالوں میں بدل کر اور دہشت گردی پر قابو پا کر وطن عزیز کو صیحح معنوں میں خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح جہلم بھی میاں محمد نواز شریف کا گھر ہے جہاں 31اگست کے ضمنی الیکشن میں عوام دوبارہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرے گی جو عمران خان کی ناکام ریلیوں اور دھرنی سیاست سے لا تعلقی کا اظہار ہو گا ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھنا اور عوام کے دیئے ہو ئے مینڈیٹ کا پاس کرنا چاہیے لیکن عمران خان صوبہ خیبر پختونخواہ پر دھیان دینے کی بجائے انتشار کی سیاست کر رہے ہیں ۔ اگر ان کی یہی روش بر قرار رہی تو 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ماضی سے بھاری مینڈیٹ ملے گا ۔ حمزہ شہباز نے این اے 63 سے مسلم لیگی امیدوار راجہ مطلوب مہدی کے ہمراہ 32یونین کو نسلوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمنیوں اور مسلم لیگی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ضمنی انتخابی مہم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات