Live Updates

کان کنی کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے،چوہدری شیر علی خان

پیر 22 اگست 2016 14:47

لاہور۔22 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 اگست۔2016ء) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت معاشی و صنعتی ترقی کے فروغ کے لئے مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے ساتھ انرجی مکس کے قابل تجدید ذرائع کے ذریعے توانائی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

کان کنی کے مشکل عمل کو جدید ٹیکنالوجی اور مشینری سے آراستہ کرکے کول پاور پلانٹس کیلئے مقامی کوئلے کی بھر پور پیداوار یقینی بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے اس حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کان کنی کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے۔خوش آئند امر ہے کہ سالٹ رینج میں کوئلہ کے 600ملین ٹن وسیع ذخائر موجود ہیں جن کی آسان اور کم پیداواری لاگت سے مائننگ ممکن بنانے کے لئے حکومت پنجاب ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں ،نجی شعبے اور صنعت کاروں کو ہر ممکن مراعات اور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سولر پاور پلانٹ میں شمسی توانائی سے چلنے والے 100میگا واٹ کے پاور پلانٹ نے بجلی کی پیداوار کاآغاز کر دیا ہے جبکہ بھکھی،حویلی بہادر شاہ اور بلوکی میں گیس سے بجلی کی پیداوارکے منصوبوں پر کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بائیو انرجی سے وافر بجلی پیدا کی جا سکتی ہے اور حکومت پنجاب توانائی کے اس ارزاں ذریعے کو دیہی سطح پر فروغ دینے کیلئے کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی پر آمادہ ہے ۔

اس کے علاوہ جنوبی پنجاب میں راجن پور کے مقام پر 250میگا واٹ کے ونڈ انرجی کا منصوبہ بھی شروع کیا جا چکا ہے جو 2017ء میں مکمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحول دوست توانائی کی پیداوار کیلئے بے پناہ صلاحیت اور سازگار مواقع موجود ہیں،حکومت پنجاب بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیلئے ہائیڈل اور تھرمل کے علاوہ توانائی کے قابل تجدید ذرائع کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات