پاک فوج اور سکیورٹی اہلکاروں کی خیبر ایجنسی اور ہنگو میں کارروائی ‘6 دہشتگردہلاک ‘10گرفتار ‘بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ‘ دہشت گردو ں کے 2 خفیہ ٹھکانے تباہ

پیر 22 اگست 2016 13:37

راولپنڈی/خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 اگست ۔2016ء) پاک فوج اور سکیورٹی اہلکاروں نے خیبر ایجنسی اور ہنگو میں ملک دشمنوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 10کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج اور سکیورٹی اہلکاروں نے خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں سترکلے‘ نارے ناؤ‘ تیراہ ‘ راجگال میں زمینی اور فضائی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے دو خفیہ ٹھکانے تباہ جبکہ چھ دہشت گردوں کو ہلاک اور دس کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار افراد سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو کے علاقے ٹل میں انٹیلی جنس معلومات کی بناء پر کومبنگ آپریشن کیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی کا دورہ کیا نوجوانوں کے بلند حوصلوں کی تعریف کی اور کامیاب آپریشن پر مبارکباد پیش کی۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کے ذریعے جاری ہے اور پاک فوج کا آپریشن خیبر تھری کامیابی سے جاری ہے۔ واضح رہے کہ خیبر ایجنسی میں ایک ہفتے کی کارروائیوں میں 29 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے بارہ ٹھکانے تباہ کردیئے گئے جبکہ دس سے زیادہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :