بھارت نے بلوچستان میں اپنا نیٹ ورک مزید فعال بنانے کا خطرناک جامع منصوبہ مرتب کرنا شروع کر دیا

”بلوچ آپریشن“کے نام سے نیا سیل بنا کر خطیر فنڈز مختص کر دیا گیا ،بیرون ممالک موجود بلوچ پناہ گزینوں کا لشکر تیار کر کے عسکری تربیت دی جائیگی ”را “پاک افواج کو بلوچستان میں مصروف کر کے آپریشن ضرب عضب سے توجہ ہٹانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے‘ رپورٹ

پیر 22 اگست 2016 13:14

اسلام آباد/نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اگست ۔2016ء) بھارت نے بلوچستان میں اپنے نیٹ ورک کو مزید فعال بنانے اور موثر انداز میں کارروائیاں کرنے کا ایک خطرناک جامع منصوبہ مرتب کرنا شروع کر دیا ہے ،اس سلسلے میں ”بلوچ آپریشن“کے نام سے ایک نیا سیل بنا کر اس کے لئے خطیر رقوم کا فنڈز مختص کیا گیا ہے ۔ایک نجی ٹی وی نے باوثوق ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کینیڈا میں مقیم 25 سالہ بلوچ پناہ گزین مجدک دلشاد اور اسکی بیوی گزشتہ دنوں سے بھارت میں ہیں ۔

ان کو بھارتی خفیہ ایجنسی ”را “نے بھارت بلایا ہے تاکہ امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، انگلینڈ ، افغانستان اور ایران میں موجود نوجوان بلوچ پناہ گزینوں کا لشکر تیار کیا جائے اور اس مقصد کے لئے انہیں عسکری تربیت بھی دی جائیگی ۔

(جاری ہے)

معتبر ذرائع نے بتایا کہ مجدک دلشاد ایک فلمساز غلام مصطفی کے بیٹے ہیں جن کو بلوچستان میں غیر قانونی سرگرمیوں کی بنا ء پر پاکستان کے خفیہ اداروں نے 2006 سے لیکر 2008 تک اپنی تحویل میں رکھا ، چنانچہ کسی طریقے سے دلشاد کا پورا خاندان کینیڈا چلا گیا اور وہاں سیاسی پناہ لے کر کینیڈین شہریت حاصل کی۔

ذرائع نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را “نے ایک اہم رپورٹ مودی سرکار کو دی ہے کہ اس وقت پاکستان کی افواج کے بڑے دستے ضرب عضب آپریشن میں مشغول ہیں لہٰذاوقت کا تقاضہ ہے کہ کمانڈو ایکشن کے ذریعے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وہ نوجوان جنہوں نے بیرون ممالک میں پناہ لے رکھی ہے ان کو بھارت میں عسکری تربیت دیکر بلوچستان میں استعمال کیا جائے، وہ وہاں کے راستوں سے بخوبی واقف بھی ہونگے اور بلوچستان کی آزادی کی تحریک میں ہمارے مقاصد بھی پورے کرینگے۔

اس ”بلوچ آپریشن “کے نام سے ”را “کے ہیڈ کوارٹر میں ایک نیا ڈیسک بنایا گیا ہے اور بلوچستان کی آزادی کی کوششیں کرنے والے وہ تمام عناصر جو پاکستان کے اندر اور باہر ہیں ان سے ایک مذموم حکمت عملی کے تحت رابطے کیے جارہے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مجدک دلشاد اور اسکی بیوی نے بھارتی خفیہ اداروں سے ملاقاتیں کر کے انہیں کئی معلومات بھی فراہم کی ہیں وہ بلوچستان کی آزادی کی خاطر پاک فوج کے خلاف لڑنے کے لئے بھی تیار ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ را کو دلشاد کی شکل میں ایک نوجوان مہرہ مل گیا ہے اسکو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ باغی نوجوانوں کا گروپ تشکیل دے اور اس مقصد کے لئے تمام فنڈنگ ”را “ کرے گی ۔ ”را “کی کوشش ہے کہ بلوچستان میں ایک بڑے پیمانے پر پاک فوج کے خلاف آپریشن شروع کر دیا جائے تاکہ ضرب عضب آپریشن سے پاک فوج کی توجہ ہٹا کر بلوچستان پر مرکوز کرائی جا سکے اور پاکستانی افواج کو جنگ کی حالت میں ہی رکھ کر تھکایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :