Live Updates

عمران خان کی ڈیلی ویجز طرز کی سیاست انہیں آئندہ عام انتخابات سے قبل ہی کہیں کا نہیں چھوڑے گی‘ رانا ثنا اللہ خان

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تیز ترین رفتار سے کام جاری ہے‘ ،ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی تقدیر بدلنے والے اس منصوبے کاآگے بڑھنا ہضم نہیں ہو رہا ، عمران خان کا اپنا کوئی وژن نہیں ،وہ مانگے تانگے کی سیاست پر گزارہ کر رہے ہیں‘صوبائی وزیر قانون کی گفتگو

اتوار 21 اگست 2016 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21اگست۔2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تیز ترین رفتار سے کام جاری ہے ،ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی تقدیر بدلنے والے اس منصوبے کاآگے بڑھنا ہضم نہیں ہو رہا ،عمران خان کی ڈیلی ویجز طرز کی سیاست انہیں آئندہ عام انتخابات سے قبل ہی کہیں کا نہیں چھوڑے گی ، عمران خان کا اپنا کوئی وژن نہیں ،وہ مانگے تانگے کی سیاست پر گزارہ کر رہے ہیں۔

اتوار کے روز رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ سیاسی نابالغ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی سے بوکھلا گئے ہیں اور سیاسی طور پر مقابلہ کرنے کی بجائے پاکستان کی ترقی کے درپے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا دھرنا کھیلنے والوں کو چیلنج ہے آئیں اورملک و قوم کی ترقی کے منصوبوں میں اپنے اور ہمارے کاموں کاموازنہ کرلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان تبدیلی اور میرٹ کی بات تو کرتے ہیں لیکن خود ہی اسکی دھجیاں بھی اڑاتے ہیں ،جن لوگوں نے تحریک انصاف کو نومولود سے جوان کرنے میں اپنا پسینہ بہایا انہیں کھڈے لائن لگا دیا گیا جبکہ نوٹوں والی سرکار عہدوں پر براجمان ہیں، عمران خان کی جماعت میں جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا اپنا کوئی وژن نہیں ،وہ مانگے تانگے کی سیاست پر گزارہ کر رہے ہیں، جو بھی ان کے کان میں آکر بات کہہ دے اس کے پیچھے چل پڑتے ہیں ،انکی ڈیلی ویجز طرز کی سیاست انہیں عام انتخابات سے قبل ہی کہیں کا نہیں چھوڑے گی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات