محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو کھمبی کی کاشت کیلئے محکمانہ سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت

اتوار 21 اگست 2016 14:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست - 2016ء)محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو کھمبی کی کاشت کیلئے محکمانہ سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کاشتکار صدف نما کھمبی ، بٹن یا یورپی کھمبی ، چینی کھمبی، شاہ بلوط کی کھمبی سمیت دیگر اقسام کاشت کر کے بھاری منافع حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایاکہ کھمبی کو حرف عام میں مشروم بھی کہاجاتاہے اس میں لحمیات کی مقدار 21.7 سے لے کر 40.8 فیصد تک ہوتی ہے کھمبی وٹامنز کا اہم ترین ذریعہ ہے ۔

اس کااستعمال شوگر ، دل کے مریضوں کیلئے مثالی غذا اور موٹاپے کے شکار افراد کیلئے بہترین علاج بھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کھمبی کو پلاٹس ، کھیتوں کے علاوہ کمروں ، شیلفوں یا پولی تھین کے تھیلوں میں بھی کاشت کیاجا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چاول کی پرالی یا گندم کے بھوسہ پر بھی اس کی کاشت کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ کاشتکار کھمبی کی کامیاب کاشت اور بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔