خام تیل کی برآمدات کا باضابطہ آغاز جلد ہو جائے گا، لیبیا

اتوار 21 اگست 2016 10:56

طرابلس ۔ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست - 2016ء) لیبیا کی قومی آئل کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی اتحاد کی حکومت اور آئل جیٹیوں اور تیل کی تنصیبات کی حفاظت پر مامور فورسز کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں ملک کے مشرقی علاقوں میں واقع 3 بندرگاہوں سے بیرون ملک تیل کی برآمدات کا سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گا۔ لیبیا کی تیل کی تنصیبات کی حفاظت پر مامور سیکورٹی دستوں نے گذشتہ ڈیڑھ برس سے تیل کی برآمدات کو روک دیا تھا۔

(جاری ہے)

لیبیا کی قومی آئل کمپنی کے مطابق سیکورٹی اور سیاسی مسائل کے اعتبار سے ابھی کچھ رکاوٹیں موجود ہیں جنہیں دور کئے جانے کی ضرورت ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی مانگ میں کمی کے باوجود لیبیا کی جانب سے تیل کی سپلائی کے عمل سے ایندھن کی قیمتوں میں مذید کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا رجحان 2014 کے وسط میں شروع ہوا تھا جو اب بھی جاری ہے۔ لیبیا کا برآمداتی کوٹہ روزانہ 4 لاکھ بیرل مقرر ہے، تاہم بتایا جاتا ہے کہ اس میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران 1 لاکھ50 ہزار بیرل کا اضافہ کردیا جائے گا۔ دیگر گروہوں کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں لیبیا، روزانہ 9لاکھ بیرل خام تیل برآمد کرنے کی پوزیشن میں آجائے گا۔

متعلقہ عنوان :