ترکی میں شادی کی تقریب میں دھماکے سے38ہلاک94زخمی ہوگئے- حملے کا مقصد ہمیں خوف زدہ کرنا ہے لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔نائب وزیراعظم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 21 اگست 2016 10:25

ترکی میں شادی کی تقریب میں دھماکے سے38ہلاک94زخمی ہوگئے- حملے کا مقصد ..

انقرہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست۔2016ء) شام کی سرحد کے قریب ترکی کے شہر غازی انتیپ میں ایک شادی کی تقریب میں ہونے والے دھماکے میں 38 افراد ہلاک اور 94 زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے بعض زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ترک نشریاتی ادارے کے مطابق غازی انتیپ کے گورنر علی یرلی کایا نے بتایا کہ شادی کی ایک تقریب میں ہونے والے دھماکے میں اب تک38 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

انہوں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا۔حکمراں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے رکن اسمبلی محمد اردگان کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ حملہ کس نے کیا تاہم یہ ممکنہ طور پر خود کش حملہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ حملے کی نوعیت کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ شدت پسند تنظیم داعش یا کردستان ورکرز پارٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق دھماکا ممکنہ طور پر داعش کی جانب سے کیا گیا کیوں کہ جس علاقے میں دھماکا ہوا ہے وہاں کردوں کی اکثریت ہے اور شادی میں بھی بڑی تعداد میں کرد کمیونٹی کے افراد شریک تھے۔ترکی کے نائب وزیر اعظم محمد سمسیک نے کہا کہ حملے کا مقصد ہمیں خوف زدہ کرنا ہے لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔واضح رہے کہ ترکی میں گزشتہ مہینوں کے دوران دو بڑے شہروں پر بھی بم دھماکے ہوچکے ہیں، کرد جنگجوﺅں کی جانب سے انقرہ میں دو بار دھماکے کیے جاچکے ہیں جبکہ داعش استنبول میں دو بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرچکی ہے۔

15 جولائی کو بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد سے ترکی میں ایمرجنسی نافذ ہے، گزشتہ دنوں ہونے والے بم دھماکوں میں بھی 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور اس حملے کی ذمہ داری کردستان ورکرز پارٹی پر عائد کی گئی تھی۔واضح رہے کہ غازی انتیپ میں دھماکا ایسے وقت میں ہوا ہے جب ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے اعلان کیا تھا کہ آنے والے دنوں میں شام میں ترکی کا کردار مزید فعال ہوگا۔

متعلقہ عنوان :