پاکستان کو ریلیوں کی نہیں ترقی اور اتحاد کی ضرورت ہے‘ ترجمان پنجاب حکومت

ہر تین ماہ بعد ریلی نکالنے والوں سے عوام پوچھتے ہیں یہ پیسہ کہاں سے آ رہا ہے؟ بابائے کنٹینر اپنی چکنی چپڑی باتوں سے اب عوام کو مزید دھوکے نہیں دے سکتے چانڈیوبچوں کے اغواجیسے احساس معاملے پر سیاست چمکانے سے گریز کریں‘پیپلزپارٹی کے بھونپو اپنی ناکامیاں دوسروں پر نہ ڈالیں

ہفتہ 20 اگست 2016 22:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) پنجاب حکومت کے ترجمان سیدزعیم حسین قادری نے کہاہے کہ بابائے کنٹینر اپنی چکنی چپڑی باتوں سے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ بلاجواز ریلیاں نکالنے والے عوام کے لئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ سیدزعیم حسین قادری نے طاہرالقادری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کا بس چلے تو گھر میں بھی ریلی نکالنا شروع کر دیں۔

دونوں سیاسی کزن دراصل بچپن سے ہی احتجاجی دھرنوں اور ریلیوں کے شوقین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ریلیوں کی نہیں بلکہ ترقی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ ہر تین ماہ بعد ریلی نکالنے والوں سے عوام پوچھتے ہیں کہ یہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے؟ سڑکوں پر خالی کرسیاں لگا کر عوام کو مشکلات میں ڈالنا کہاں کی دانشمندی ہے؟ انہوں نے کہا کہ گھڑی گھڑی احتجاج‘ دھرنے اورریلیوں کے ڈرامے رچانے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مولا بخش چانڈیو کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ مولابخش چانڈیو بچوں کے اغواجیسے احساس معاملے پر سیاست چمکانے سے گریز کریں- والدین کے جذبات کے ساتھ کھیلنا کسی سیاستدان کو زیب نہیں دیتا-بچوں کا تحفظ ہم سب کا فرض اور ذمہ داری ہے-پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو بچوں کے تحفظ کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہاہے-چائلڈ پروٹیکشن بیورو گزشتہ 7ماہ میں تقریبا 3843 گمشدہ بچوں کو ا ن کے گھر پہنچا چکا ہے- حکومت پنجاب بچوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اور موثر اقدامات کر رہی ہے- پیپلز پارٹی کے’’ بھونپو‘‘ اپنی ناکامیاں دوسروں کے گلے ڈالنے سے گریز کریں-

متعلقہ عنوان :