رکن جماعت اسلامی مرزا تنویر کو لاہور میں قتل کر دیا گیا

جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی طرف سے قتل کی شدید مذمت

ہفتہ 20 اگست 2016 22:07

رکن جماعت اسلامی مرزا تنویر کو لاہور میں قتل کر دیا گیا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 اگست ۔2016ء ) رکن جماعت اسلامی مرزا تنویر کو آج لاہور میں قتل کر دیا گیا۔مرزا تنویر سیشن کورٹ سے اپنے دو ساتھیوں کے قتل کی تاریخ بھگت کر واپس آرہے تھے کہ انہیں دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔مرزا تنویر سابقہ بلدیاتی انتخابات میں یکی دروازے سے چیئرمین کا الیکشن لڑ رہے تھے کہ الیکشن سے چار دن پہلے مسلم لیگی غنڈوں نے ان کے دفتر پر فائر نگ کر دی جس کے نتیجے میں جماعت اسلامی کے دو کارکن جاں بحق اور 6زخمی ہوگئے تھے ،مرزا تنویر ان مقتولین کے قتل کی پیروی کررہے تھے ۔

یہ حمزہ شہباز شریف کا حلقہ ہے ۔اس سے پہلے ہاشم خان جو چیئر مین کے آزاد امید وار تھے انہیں بھی قتل کر دیا گیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ،سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے مرزا تنویر کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قتل کی ذمہ داری حکمران جماعت پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں سیاسی مخالفین کو قتل کرنا حکمران جماعت کی روایت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دن الیکشن سے پہلے مسلم لیگی غنڈے مرزا تنویر کے دفتر میں فائر نگ کرکے جماعت کے دو کارکن قتل کرچکے ہیں۔مرزا تنویر ان مقتولین کا کیس لڑرہے تھے آج انہیں بھی پیشی سے واپسی پر دن دہاڑے ظالمانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ مرزا تنویر کا خون رائیگان نہیں جائے ، حکمرانوں کو اس کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ بے گناہ سیاسی مخالفین کے قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مرزا تنویر کے لواحقین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔

متعلقہ عنوان :