وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس

ترقی کی متوازن پالیسی کے تحت شہری و پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کی خدمات لائق تحسین ہیں‘وزیراعلیٰ

ہفتہ 20 اگست 2016 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج یہاں فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایم این اے اویس لغاری نے فورٹ منرو ویلفیئر سٹی کے قیام کے بارے میں تجاویز پر بریفنگ دی جبکہ چیف ایگزیکٹو رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن ائیرکموڈور (ر) شبیر خان نے رشید آباد سٹی کے قیام اور سماجی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورٹ منرو جنوبی پنجاب کا ایک سیاحتی مقام ہے اور اس علاقے کو ترقی دے کر سیاحتی، معاشی و سماجی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت رشید آباد سٹی کی طرز پر فورٹ منرو ویلفیئر سٹی کے قیام کا جائزہ لے گی اور اس ضمن میں تجاویز کا جائزہ لے کر مستقبل کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فورٹ منرو ویلفیئرسٹی کے قیام کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی 2 ہفتے میں اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ترقی کی متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ شہری علاقوں کے ساتھ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے میگاپراجیکٹس سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ مظفرگڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ رجب طیب اردوان ہسپتال کے قیام سے علاقے کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولتیں میسر آئی ہیں۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں بھی جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیراہتمام سماجی سرگرمیوں کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن اور ادارے کے روح رواں ائیرکموڈور شبیر خان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے اور اس کارخیر میں حصہ لینے والے دنیا و آخرت دونوں کما رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے بھی غریب عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے فلاحی پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔ صوبائی وزراء عائشہ غوث پاشا، تنویر اسلم ملک، چیئرمین فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایم این اے سردار اویس احمد لغاری، چیف سیکرٹری، چیف ایگزیکٹو رشید میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن ائیرکموڈور (ر) شبیر خان، ائیرمارشل (ر) قاضی جاوید احمد، ائیرمارشل فاروق حبیب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، اعلیٰ حکام اور فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویڑن اور ڈی سی او ڈیرہ غازی خان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :