چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے ،وہ اِس کو ناکام بنانے کی کوششیں کررہے ہیں ، ان کی تمام کوششیں ناکام بنادی جائینگی ، سی پیک سے گلگت بلتستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہو گا، گلگت بلتستان کے عوام اقتصادی راہداری کے فوائد سے استفاد ہ حاصل کرنے کو تیار ہو جائیں،حکومت تعلیم کے شعبے میں اضافے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے

صدر ممنون حسین کا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 اگست 2016 19:58

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 اگست ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ہمارے دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہا ہے وہ اِس کو ناکام بنانے کی ضرور کوشش کریں گے لیکن ہم ان کی یہ تمام کوششیں ناکام بنادیں گے ، اقتصاد ی راہداری سے گلگت بلتستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہو گا، گلگت بلتستان کے عوام اقتصادی راہداری کے فوائد سے استفاد ہ حاصل کرنے کے لیے تیار ہو جائیں اور اس کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں،حکومت تعلیم کے شعبے میں اضافے کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔

وہ ہفتہ کو یہاں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے موقع پر طلبہ و طالبات اور معززین سے خطاب کر رہے تھے ۔صدرمملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک تاریخ ساز منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے گلگت بلتستان کے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کے لوگوں کو اس راہداری سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے انھیں ابھی سے تیاری شرو ع کر دینی چاہیے۔

صد ر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ موجودہ دورکا عظیم الشان منصوبہ ہے جس پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔اس منصوبے سے پورے ملک میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی تمام سازشوں کو ناکام بنا نا ہو گا تاکہ ملک تیزی سے ترقی کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ راہداری منصوبہ ہمارے دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہا ہے وہ اِس کو ناکام بنانے کی ضرور کوشش کریں گے تاکہ پاکستان ، جو مستقبل میں ایشیائی ممالک کی تجارت کامرکزبننے والا ہے اس کو کسی طریقہ سے ناکام بنا دیں۔

انھوں نے کہا کہ عوام اور خاص طور پر نوجوانوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مخالفین کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہ ہو نے دیں۔صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان ہمارامستقبل اور امید ہیں۔قوم کو ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، ہمیں یقین ہے کہ نئی نسل ان امیدوں پر پورا اترے گی۔نوجوانوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تعلیم کے شعبے میں جدید وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھیں اور پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں۔

صدر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی خطے میں تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور بچوں کی بڑی تعداد اس ادارے سے جدید علوم وفنون کی تعلیم حاصل کررہی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ بجٹ میں ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قراقرم یونیورسٹی کاسکردو میں کیمپس قائم ہو چکا ہے اور جلد ہی ہنزہ اور بعض دیگر علاقوں میں بھی کیمپس قائم کردیئے جائیں گے تاکہ گلگت بلتستان کا کوئی علاقہ بھی تعلیم کی روشنی سے محروم نہ رہے۔صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کاایک خوبصورت خطہ ہے اور یہا ں پر کاروباری لوگوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ماضی میں گلگت بلتستان بین الاقوامی حالات اور مسائل کی وجہ سیخاطر خواہ ترقی نہیں کرسکا لیکن اب حکومت ان مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔پاکستان دنیا کے ہر فورم پر کشمیر ی عوام کی جائز ، قانونی اور پر امن تحریک آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا تاکہ تقسیم برصغیر کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل ہوسکے۔

صدر مملکت نے ہونہار طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور جیتنے والوں کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر میر غضنفر علی خان،گورنر گلگت بلتستان، وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن، چیئرمین اعلیٰ تعلیمی کمیشن پروفیسرڈاکٹر مختاراحمد،چیئرپرسن سینیٹ قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی محترمہ خاور ممتازاور وائس چانسلر ڈاکٹر محمد آصف کے علاوہ معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔