کشمیر میں صورتحال دن بدن بگڑ رہی ہے ٗ کشمیر کی صورتحال بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ٗ سیکرٹری جنرل او آئی سی

کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلے کا حل خطے میں امن کیلئے انتہائی ضروری ہے ٗکشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہئے ٗسرتاج عزیز

ہفتہ 20 اگست 2016 18:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل عیاد امین مدنی نے کہا ہے کہ کشمیر میں صورتحال دن بدن بگڑ رہی ہے ٗ کشمیر کی صورتحال بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے ٗاو آئی سی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کریگی ٗامید پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات جلد بحال ہو جائیں گے ٗ افغانستان کے مسئلے پر علماء کانفرنس بلائی جائے ۔

ہفتہ کو مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے تنظیم تعاون اسلامی کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل قابل تشویش ہے گزشتہ 40 روز میں 80 سے زائد بے گناہ کشمیری بھارتی قابض فوجیوں کی بربریت کا شکار ہوکر شہید ہوچکے ہیں ٗپاکستان نے مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورمز پر اٹھایا ہے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلے کا حل خطے میں امن کیلئے انتہائی ضروری ہے ٗکشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ او آئی سی کا رابطہ گروپ بھی کشمیر پر مؤثر کردار ادا کررہا ہے ٗرابطہ گروپ کا آئندہ اجلاس امریکا میں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پرہوگا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاکہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملاقات میں بھی دیگر امور کے علاوہ خصوصاً کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا او آئی سی نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی مؤقف کی مکمل حمایت کی ۔

مشیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے پاک بھارت مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے حوالے سے پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا خط انتہائی مثبت ہے ٗ ہم بھارت کیساتھ مذاکرات چاہتے ہیں اور اس حوالے سے جواب کے منتظر ہیں، جس کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان او آئی سی کے بانی اراکین میں سے ایک ہے اور اس نے ہمیشہ مسلم امہ کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ کے لیے کام کیا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹری عیاد امین مدنی نے کہاکہ کشمیر کی صورتحال روز بروز خراب ہورہی ہے اوربدقسمتی سے بھارتی مظالم کیخلاف بہت کم آوازیں سامنے آئی ہیں ٗعالمی برادری کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے آواز اٹھائے اور اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت نکلنا چاہیے او آئی سی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کریگی۔

ایک سوال پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل عیاد امین مدنینے کہا کہ کشمیر کی صورتحال بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔عیاد امین مدنی نے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی صورتحال ریفرنڈم کی طرف جارہی ہے۔او آئی سی کے جنرل سیکرٹری نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات جلد بحال ہوجائیں گے تاکہ غیر معمولی تنازعات کو حل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں جو بھی ملوث ہیں، انھیں شناخت کرکے سخت سزا دینی چاہیے۔او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان نے تنظیم میں ہمیشہ ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔جب ان سے او آئی سی کا اجلاس پاکستان میں منعقد کرانے کے حوالے سے پوچھا گیا تو عیاد امین مدنی نے کہا کہ ماضی میں پاکستان نے کئی تاریخی اجلاسوں کی میزبانی کی ہے اور پاکستان میں او آئی سی اجلاس بلانے کا خیرمقدم کریں گے۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ وہ فلسطین کے دونوں دھڑوں کے درمیان اتحاد چاہتے ہیں جس کے لیے فلسطینی صدر محمود عباس کام کر رہے ہیں ٗہم نے پہلی مرتبہ رملہ میں دفتر کھولا اور فلسطین کی سرزمین پر پہلی مرتبہ او آئی سی کا پرچم لہرایا ہے۔عیاد امین مدنی نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے بھی علماء کانفرنس بلائی جائے۔

متعلقہ عنوان :