بھانت بھانت کی بولیاں بولنے اپنے گریبانو ں میں جھانکنا چاہیے۔حمزہ شہباز

احتساب کی تکڑی میں سب کو تلنا ہوگا،اصل چہرے سامنے آئے تو لوگ پانامہ لیکس کو بھول جائیں گے،عمران کی دھرنوں،احتجاج اور ریلیوں کی سیاست دم توڑ چکی،2018میں قوم کے سامنے سرخرو ہوں گے،حمزہ شہبازکا بورے والہ کا دورہ،پی پی 232 کے ضمنی الیکشن میں اہم ملاقاتیں،یوسف کسیلیہ کے والد کی وفات پراظہارتعزیت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 اگست 2016 16:51

بھانت بھانت کی بولیاں بولنے اپنے گریبانو ں میں جھانکنا چاہیے۔حمزہ ..

بورے والا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20اگست2016ء) :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما او ر ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہاہے کہ پاکستانی قوم 126دن تک دھرنا دینے والوں کا حشردیکھ چکی ہے ، اب دوبارہ احتساب ریلی کے نام پر عوام سے مذاق کرنے والے ناکام ہوں گے،بھانت بھانت کی بولیاں بولنے، دوسروں پر الزامات لگانے ، اخلاق سے گری ہوئی گفتگو کرنے او رملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے۔

انہوں نے آج بورے والہ کے صوبائی حلقہ پی پی 232 کے ضمنی الیکشن میں دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کس منہ کے ساتھ احتساب کی بات کرتے ہیں جب ان کے دائیں قرضہ معاف کرانے والے جہانگیر ترین اور بائیں غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرنیوالے علیم خان کھڑے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

حمزہ شہبازنے کہاکہ موجودہ حکومت عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کرے گی اور لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل پر قابو پاکر انشاء اللہ 2018میں قوم کے سامنے سرخرو ہوں گے-عزت دوسروں پر الزام تراشیوں سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے سے حاصل ہوتی ہے اور دوسروں پر بہتان لگانے والے پی ٹی آئی کی حکومت رکھنے والے صوبے خیبر پختونخوا میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کرسکے -انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف کی سیاست مخلوق خدا کی خدمت ہے اور موجودہ کامیابی میا ں نوازشریف کی نہیں بلکہ پاکستانیوں کی کامیابی ہے -ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہبازنے کہاکہ میاں نوازشریف کا دامن صاف ہے-غلط کام کرنیوالا کبھی خود چیف جسٹس کو خط نہیں لکھتا -انہوں نے کہاکہ جب اصل چہرے سامنے آئے تو لوگ پانامہ لیکس کو بھول جائیں گے ، احتساب کی تکڑی میں سب کو تلنا چاہیے - الزامات لگانے والوں کو آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کی شکل میں جواب مل چکاہے - جہاں مسلم لیگ (ن) کو 32اور تحریک ا نصاف کو صرف 2سیٹیں مل سکی ہیں- انہوں نے کہاکہ اب عوام 2018میں اپنے ووٹ کے ذریعے ا حتساب کریں گے او رفیصلہ کریں گے کہ کس نے اپنے مینڈیٹ سے انصاف کیا-حمزہ شہبا زنے کہاکہ ملک میں توانائی منصوبے ، اقتصادی راہداری ، اور ترقی وخوشحالی کا سفر تیزی سے جاری ہے-جسے کسی سازش کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا- ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کے بعد بلدیاتی ادارے جلد مکمل ہوں گے اور لوگوں کے بنیادی مسائل تیزی سے حل ہوں گے ۔

علاوہ ازیں حمزہ شہبازنے بورے والہ میں پی پی 232سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار صوبائی اسمبلی یوسف کسیلہ کی رہائش پر ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کیا -انہوں نے شہر میں بورے والہ کی 16یونین کونسلوں کے چیئرمین ، وائس چیئرمین اور فعال پارٹی ورکرز سے ملاقاتیں کیں اور 31اگست کو پی پی 232کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔