پاکستان تحریک انصاف کی احتجاج کی تحریک احتساب کیلئے نہیں ‘ اقتدار پر قبضہ کرنے کیلئے ہے ‘ مصدق ملک

ہفتہ 20 اگست 2016 14:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اگست ۔2016ء) وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی احتجاج کی تحریک احتساب کیلئے نہیں ‘ اقتدار پر قبضہ کرنے کیلئے ہے ‘ پی پی آئی کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے تھا پھر احتجاج کا راستہ اختیار کرنا چاہیے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اقتدار حاصل کرنے کیلئے قومی اداروں اور شخصیات کو بدنام کر رہے ہیں اور اس کا مقصد اداروں اور جمہوریت کو کمزور کرنا ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت پر واضح کیا کہ صرف عوام کے ووٹ کی طاقت سے ہی اقتدار حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات تحریک انصاف کیلئے تشویش کا باعث ہے کہ ان کی مقبولیت کے گراف میں تیزی سے کمی آ رہی ہے اور حالیہ عوامی اجتماع اس بات کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

مصدق ملک نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے دائر کردہ ریفرنسز کا خیرمقدم کرتی ہے کیونکہ مسئلہ کے حل کیلئے قانونی اور آئینی طریقہ استعمال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں گئی ہے تو اس کو اس پر بھروسہ کرنا چاہئے اور اس کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف پٹیشن دائر کی ہے تو دوسری جانب احتجاجی تحریک کا آغاز کیا ہے ان کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے تھا اس کے بعد احتجاج کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی کی قیادت نے دھاندلی کے الزامات کی چھان بین کیلئے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کیا تھا اور وہ وہاں کچھ بھی ثابت نہیں کرسکے اور کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ میں الیکشن ریفارمز کیلئے کوئی کوشش نہیں کی۔