دکانوں ، دفاتر اور فیکٹریوں میں غیرقانونی چھاپو ں کا سلسلہ فو ری طو رپر بند کیا جائے، ممبران ایف پی سی سی آئی حیدرآباد

جمعرات 18 اگست 2016 22:13

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء)حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ممبران نے ان لینڈ ریوینیو ایف بی آر حیدرآباد کے اہلکاروں کے رویئے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظو ر کی جس میں وفاقی وزیر خزانہ پاکستان،چیئر مین فیڈرل بو رڈ آف ریوینیو پاکستان ، صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، چیف کمشنر ان لینڈ ریوینیو حیدرآباد سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دکانوں ، دفاتر اور فیکٹریوں میں غیرقانونی چھاپو ں کا سلسلہ فو ری طو رپر بند کیا جائے، تاجروں و صنعتکاروں نے اجلاس میں بتایا کہ ان لینڈ ریوینیو حیدرآباد کی طرف سے اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریوینیو اور ماتحت دو افسران اور4گارڈز کے ساتھ مختلف دکانوں ، فیکٹریوں اور دفاتر پر چھاپے مارنے کی وجہ سے مارکیٹوں اور انڈسٹریل زون میں خوف و ہراس کی کیفیت طار ی ہے، تاجروں نے بتایا کہ نصف درجن سے زائد ان لینڈ ریوینیو اہلکار مارکیٹوں میں داخل ہو کر دکانوں اور دفاتر سے ضروری کاروباری دستاویزات ضبط کرنے سے تاجر برادری میں اشتعال پیدا ہو رہا ہے، ان لینڈ ریوینیو حیدرآباد اہلکاروں کے اشتعال انگیز رویے سے صنعت و تجارت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔