تیزاب متاثرہ ثناء کو سندھ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی،معاون خصوصی انسانی حقوق ریحانہ لغاری کی صارم برنی کو یقین دہانی

جمعرات 18 اگست 2016 21:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) چیئرمین صارم برنی ٹرسٹ صارم برنی نے جمعرات کو وزیراعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری سے ان کے آفس میں ملاقات کی اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ریحانہ لغاری نے صارم برنی ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے تمام ضرورتمند افراد بالخصوص خواتین اور بچوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے معاشرے میں خواتین، بچوں اور اقلیتی برادری کے حقوق کے سلسلے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ریحانہ لغاری نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں چھوٹے چھوٹے معاملات کو انا کا مسئلہ بنا کر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کو ٹھٹہ اور سجاول میں پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے ضرورتمند بچوں اور خواتین کیلئے شیلٹرز ہومز قائم کرنے چاہئیں۔

اس سے قبل صارم برنی نے معاون خصوصی کو ٹرسٹ کی خدمات کے حوالے سے آگاہی دی۔ صارم برنی نے کہا کہ ان کے پاس روزانہ کئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے کیسزآتے ہیں۔ انہوں نے کراچی کے اجمیر نگری پولیس اسٹیشن کی حدود میں تیزاب پھینک کر زخمی ہونے والی عورت ثناء کے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ثناء کو 15روز قبل تیزاب پھینک کر شدید زخمی کردیا گیا تھا مگر ہسپتال انتظامیہ نے صرف ابتدائی طبی امداداور ادویات دیکر فارغ کردیا اور اسے اسپتال میں داخل کرنے سے انکار کردیا ۔

صارم برنی نے مزید کہا کہ پولیس نے نامزد ملزم کو گرفتار کرلیا ہے مگر کیس کو اجمیر نگری تھانے سے ناظم آباد پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے اور بااثر لوگ خاتون اور ان کے خاندان پر کیس واپس لینے کا دباؤ ڈال رہے ہیں۔ معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت تیزاب سے متاثرہ خاتون اور اس کے خاندان کی ہر ممکن مدد اور تحفظ فراہم کریگی اور وہ خود بھی جمعہ کے روز متاثرہ خاتون سے ملاقات کرینگی۔

متعلقہ عنوان :