زرعی یونیورسٹی فیصل آباداورصادق پولٹری میں مفاہمتی یاداشت پردستخط

دونوں ادارے پولڑی کے شعبہ میں تعلیمی وتحقیقی سرگرمیوں کوفروغ دینے کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات کیلئے انٹرن شپ اورملکی معیشت کے دوسرے بڑے سیکٹرپولٹری سے وابستہ افرادواداروں کی معاشی بہتری کیلئے تعاون کرینگے

جمعرات 18 اگست 2016 21:33

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 اگست ۔2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور صادق پولٹری پرائیویٹ لمیٹڈ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق دونوں ادارے پولٹری کے شعبہ میں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کیلئے انٹرن شپ اور ملکی معیشت کے دوسرے بڑے سیکٹر پولٹری سے وابستہ افراد و اداروں کی معاشی بہتری کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

یادداشت کے مطابق زرعی یونیورسٹی میں پولٹری سائنس کے طلبہ صادق پولٹری پر اپنی تحقیقات کر سکیں گے جبکہ صادق گروپ میں پیشہ وارانہ تربیتی ورکشاپس میں بھی انہیں حصہ لینے کے مواقع حاصل ہونگے۔ اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے اظہار خیال کرتے ہوئے معاہدے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ دونوں ادارے پولٹری سیکٹر کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے توانائیاں صرف کریں گے جس سے اکیڈیمیا انڈسٹری روابط میں مضبوطی کو بھی فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

معاہدے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں جبکہ صادق پولٹری پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے مینیجر ایچ آر مسٹر توثیق احمدنے دستخط کئے۔ تقریب میں ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر اسلم مرزا‘ ڈائریکٹر بیرونی روابط پروفیسرڈاکٹر رشید احمد اور چیئرمین شعبہ تھیریوجنالوجی ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :