بہبودآبادی پروگرام ، اہداف کے حصول کیلئے پلان پرعملدرآمدجاری ،فرخندہ الماس

2020ء تک آبادی میں اضافہ کی شرح کو1.8فیصدسے 1.3فیصدتک لایاجائیگا،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئرآفیسرکی میڈیانمائندگان کوبریفنگ

جمعرات 18 اگست 2016 21:33

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 اگست ۔2016ء) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفےئر آفیسر ڈاکٹر فرخندہ الماس نے کہا ہے کہ بہبود آبادی پروگرام کے اہداف کے حصول کے لئے جامع پلان پر عملدرآمد جاری ہے اس سلسلے میں 2020ء تک آبادی میں اضافہ کی شرح کو1.8فیصد سے 1.3فیصد تک لایا جائے گا۔انہوں نے یہ بات میڈیا نمائندگان کو بہبود آبادی پروگرام پر عملدرآمد اوردرپیش مسائل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

ڈی او پاپولیشن ویلفےئر نے میڈیا نمائندگان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بہبود آبادی پروگرام کو کامیاب بنانے میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو معاشرے کی صحیح رہنمائی اور بڑھتی ہوئی آبادی سے قومی مشکلات کے بارے میں بہتر ادراک پیدا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آبادی میں بے ہنگم اضافہ سے ترقی کا عمل بھی متاثر ہوتا ہے لہذاآبادی اور وسائل میں توازن بے حد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شادی شدہ جوڑوں کو چھوٹے خاندان کی اہمیت وافادیت سے آگاہ کیا جارہا ہے اوران کی کونسلنگ کرکے ماں اور بچے کی صحت کو برقرار رکھنے کے بارے میں احساس پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش میں وقفہ رکھنے کے لئے چھ اقسام کے طریقے رائج ہیں جو کہ بالکل بے ضرر ہیں۔اس ضمن میں محکمہ بہبود آبادی کی طرف سے مکمل رہنمائی اور تکنیکی مشاورت فراہم کی جارہی ہے۔

ڈاکٹر فرخندہ الماس نے بتایا کہ ضلع بھر میں 87فلاحی مراکز کام کررہے ہیں جن میں 24سنٹرز فیصل آبادسٹی میں قائم ہیں جبکہ تحصیل کی سطح پر فیملی ہیلتھ سنٹر اور فیملی ہیلتھ کلینکس بھی بہبودآبادی پروگرام کے لئے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بہبود آبادی پروگرام سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے لئے علماء کرام،فیملی فزیشنز اوردیگر طبقات کے لئے سیمینارز منعقد کرنے کے علاوہ میڈیکل کیمپس کاقیام اورواکس وغیرہ کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :