اگر نیپرا نے کے الیکٹرک کو ٹیرف میں اضافے کی اجازت دی تو ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے،لطیف مغل

جمعرات 18 اگست 2016 20:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف مغل نے نیپرا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کے الیکٹرک کی جانب سے ٹیرف کی مد میں 45 پیسے فی یونٹ اضافے کے مطالبے کو یکسر مسترد کر کے کراچی کے بجلی کے صارفین کو کے الیکڑک کی اندھا دھند لوٹ مار سے بچائے،پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیپرا کو چاہئے کہ وہ محتسب اعلیٰ کے دفتر میں بجلی کے صارفین کی جانب سے دائر کردہ کے الیکٹرک کی لوٹ مار کے خلاف شکایات کے انبار کا بھی جائزہ لے اور فیصلہ کرے کہ کیا کے الیکٹرک جو ایک طرف اضافی بلوں کے ذریعے صارفین کا جینا حرام کئے ہوئے ہے اسے مزید 45 پیسے فی یونٹ اضافہ کی اجازت دے کر صارفین کو زندہ درگو کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 45 پیسے فی یونٹ کا مطلب ہر ماہ کم از کم ایک سے ڈیڑھ ارب روپے کا خالص منافع ہے جبکہ کے الیکٹرک تباہ حال ڈسٹری بیوشن سسٹم کو اب گریڈ کرنے کیلئے ایک کوڑی تک خرچ نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے الیکٹرک کی 45 سے پیسے فی یونٹ اضافے کو تسلیم کیا گیاتو اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :