حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے

وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعرات 18 اگست 2016 19:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور و انچارج وزیراعظم عوامی شکایات سیل شیخ آفتاب نے کہاہے کہ حکومت نہ صرف اجتماعی بلکہ انفرادی سطح پر بھی عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔

وفاقی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نہ صرف اجتماعی بلکہ انفرادی سطح پر بھی عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ اجلاس میں مختلف محکموں اور شعبوں میں عوامی مسائل اور شکایات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب پولیس کی طرف سے عوام کی بہتر خدمت اور شکایات کے ازالے پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اجلاس میں مختلف ترقیاتی پروگراموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اٹک میں تعلیمی اداروں کے مسائل خصوصاً اٹک میں بارانی یونیورسٹی کے کیمپس،میڈیکل کالج کے ذیلی کیمپس کے قیام پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ اٹک میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجرااور دریائے سواں پر تراب پل کی تعمیر جیسے امور بھی زیرِغور آئے۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امورجناب شیخ آفتاب نے آج لاہور میں سوئی ناردرن کے دفتر کا دورہ کیا۔سوئی ناردرن کے ایم ڈی سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ضلع اٹک اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں سوئی گیسکی فراہمی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی کے مسائل جلد حل کئے جائیں گے۔