جس دن حکومت عام آدمی کی زندگی بدلنے کا تہیہ کرلیگی، ملک کی تقدیر بدل جائیگی،عقیل کریم ڈھیڈی

دنیا بھر میں سوشل سکیورٹی کے نام پر حکومتیں اپنے عوام کو صحت، گھر اور روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہیں پاکستان میں غریب کا کوئی پرسان حال نہیں،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 اگست 2016 19:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) اے کے ڈی گروپ کے چیرمین اور معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈھی نے کہا ہے کہ جس دن حکومت عام آدمی کی زندگی بدلنے کا تہیہ کرلے گی، ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ دنیا بھر میں سوشل سکیورٹی کے نام پر حکومتیں اپنے عوام کو صحت، گھر اور روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہیں اس کے برعکس پاکستان میں غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کی دوسری تین روزہ بین القوامی نمائش کی کامیابی پر صحافیوں سے بات چیت کے دوران عقیل کریم ڈھیڈھی نے کہا کہ غریب کو سستے گھروں کا نعرہ دے کر ان کی عزت نفس مجروع نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آباد طویل عرصہ سے ’ ایفورڈیبل ہاؤسنگ’ کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ لالچ نہیں بلکہ ایسا کار خیر ہے جس سے عام آدمی اپنی چھت تلے کرائے کے مسائل سے نکل کر اپنے اہل خانہ کی بہتر کفالت کرسکتا ہے۔

اے کے ڈی نے کہا کہ درآمدی اسٹیل تین سو پچاس ڈالر جبکہ مقامی اسٹیل اسی ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے جسے عام آدمی خریدنے کا تصور نہیں کرسکتا حکومت بالغ النظری کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی مشکل یا قدرتی آفات آئیں مخیر حضرات نے قدم آگے بڑھائے لیکن عام آدمی کے لئے حکومت نے کبھی نہیں سوچا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کارٹیلز کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جبکہ مسابقتی کمیشن غیر فعال اور بے اثر ہے۔

عقیل کریم ڈھیڈھی نے کہا کہ پاکستان میں تعمیراتی شعبے میں استعمال ہونے والے گراں قیمت خام مال کے باعث ایفورڈیبل ہاؤسنگ ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آباد اب عام آدمی کی آواز بن چکی ہے، تعمیراتی شعبے کے لامتناعی مسائل کے حل کے لئے ملک بھر کا میڈیا آباد کے ساتھ ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے بھی ان مسائل پر توجہ دی اور ان پر عمل درآمد نظر آرہا ہے لیکن حکومت کا بھی فرض ہے کہ مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ان پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائے۔

عقیل کریم ڈھیڈھی نے آباد کے پیٹرن انچیف محسن شیخانی کی انتھک کاوشوں سے تعمیراتی شعبے کے کئی مسائل حل ہوئے انہوں نے اپنی قائدانہ صلاحییتوں سے ایسی ٹیم تیار کی ہے جو ملک میں تعمیراتی انقلاب لانے کے ساتھ ساتھ ایک عام آدمی کے لئے اپنی چھت دینے کا مشن رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آباد کا مقصد اپنے ممبران کے ذاتی مسائل کا حل نہیں نہ ہی حکومت پر بلا جواز دباؤ ڈالا ہے بلکہ آباد حکومت کے شانہ بشانہ ملکی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔

آباد کے رہنماؤں کی جانب سے پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان کے ہر بڑے شہر میں جانے کے فیصلے کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے عقیل کریم ڈھیڈھی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ آباد کے اس مشن میں اس کا بھر پور ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تعمیراتی شعبے کو اولین ترجیح دی جاتی ہے لیکن پاکستان میں عدم توجہی کے نتیجے میں تعمیراتی شعبہ جی ڈی پی پر صرف دو اعشاریہ پانچ کے ہندسے پر ہے۔

اگر حکومت توجہ مبذول کرے تو یہ شرح دگنی سے بھی آگے بڑھ سکتی ہے جس کا براہ راست فائدہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہونے کے نتیجے میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ ملک پر بوجھ نہیں بلکہ ملکی خزانے میں سب سے زیادہ محصولات کا ذریعہ بن رہا ہے۔ اگر ٹیکسو کا نظام درست نہ کیا گیا تو قومی اخراجات کیسے پورے ہونگے۔

متعلقہ عنوان :