صوبہ اور عوام کے حقوق و تحفظ اور بہبود کوفرض اولین سمجھتے ہیں، کاز کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی،سکندر حیات شیرپاؤ

جمعرات 18 اگست 2016 18:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 اگست ۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیرسکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ صوبہ اور عوام کے حقوق و تحفظ اور بہبود کوفرض اولین سمجھتے ہیں اور اس کاز کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاورمیں قومی وطن پارٹی ضلع بونیر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر ،صوبائی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان،سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ اسد آفریدی ،کلچر ونگ کے انچارج ڈاکٹر عالم ،سلطان خان ایم پی اے ،محمدنثارایڈوکیٹ، ملاکنڈ زون کے چیئرمین فضل رحمان نونو،ضلع بونیر کے چیئرمین پروفیسر حمید الرحمان اور دیگر ضلعی اور حلقوں کے عہدیدار بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ا س موقع پر پارٹی کے تنظیمی امور کے علاوہ رابطہ عوام اور پارٹی سے وابستہ دیگر مسائل زیر بحث آئے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور پختون قوم کی ترقی اور خیبر پختونخوا کی حفاظت ہے اور اس مقصد کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کو گراس روٹ لیول سے مزید منظم اور فعال بنانے کیلئے پارٹی عہدیدار اور کارکن عوام کے ساتھ اپنے رابطے مزید مضبوط کرے تاکہ موثر انداز میں عوام کی ترجمانی کی جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہو تا ہے اور ان ہی کی کاؤشوں اور جدوجہد کی بدولت کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے بروئے کار لائے جائیں گے اور اس ضمن میں کسی ضلع سے امتیازی سلوک برداشت نہیں کی جائے گی۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ہم کسی صورت صوبہ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر فورم پر ان کے حقوق و تحفظ کیلئے آواز اٹھائیں گے ۔اجلاس میں پارٹی کی تمام سطحوں پر تنظیم سازی جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :