بھارتی وزیراعظم کی بلوچستان بارے ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے،ڈاکٹرمحمد امجد

مودی کا بیان بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا واضح ثبوت ہے،بھارت بارے پالیسی واضح کی جائے ، سیکرٹری جنرل اے پی ایم ایل

جمعرات 18 اگست 2016 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد امجد نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی بلوچستان بارے ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے۔مودی کا بیان بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا واضح ثبوت ہے۔بھارت کشمیریوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کررہا ہے۔غدار براہمداغ بگٹی بلوچوں کا خود ساختہ لیڈر بنا بیٹھا ہے۔

بھارت بارے پالیسی واضح کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے بھارتی وزیراعظم کا بیان قابل مذمت ہے۔مودی کے بیان نے بلوچستان میں دہشت گردی اور منافرت پھیلانے میں بھارتی کردار کے حوالے سے پہلے سے موجود ثبوتوں پر مہرتصدیق ثبت کردی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ریاست ہے،مودی حکومت کو ہمارے ریاستی معاملات میں دخل اندازی یا بیان بازی کا کوئی حق حاصل نہیں ۔بھارت خود مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ اور نہتے عوام کا بنیادی حق غصب کئے بیٹھا ہے۔بھارت پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کی بجائے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کے حقوق دے۔انہوں نے کہا کہ براہمداغ بگٹی ایک طرف مودی کی تعریفیں کررہا ہے جبکہ دوسری طرف بلوچوں کا خود ساختہ راہنما بنا بیٹھا ہے۔

اسے یہ کردار زیب نہیں دیتا۔بھارتی وزیراعظم کی چاپلوسی اور پاکستان کی برائی کرنے والا شخص محب وطن بلوچوں کا راہنما نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ ب حکمرانوں کو ملک کے حالات خراب کرنے میں بھارتی مداخلت پر مودی سرکار سے شدید احتجاج کرتے ہوئے سختی سے باور کروانا ہوگا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :